مسلم لیگی دھڑوں کا اجلاس کل لاہور میں ہوگا، شجاعت کی شرکت مشکوک
لاہور (خصوصی رپورٹر) سابق وزیراعلیٰ سندھ سید غوث علی شاہ آج اسلام آباد سے لاہور پہنچیں گے اور کل ہفتہ کو سابق گورنر پنجاب سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ کی رہائش گاہ پر ہونے والے مسلم لیگی دھڑوں کے لیڈروں کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اجلاس میں مسلم لیگ ق کے مرکزی صدر شجاعت حسین کی شرکت مشکوک ہے جبکہ ق لیگ کے سینئر رہنما سینیٹر کامل علی آغا و دیگر کی شرکت یقینی ہے۔ مسلم لیگ ج کے حامد ناصر چٹھہ، اقبال ڈار، رضوان شیخ اور عمران احمد خان کے ہمراہ اجلاس میں شریک ہوں گے۔ سید غوث علی شاہ کے ہمراہ خالد عزیز آرائیں ہوں گے۔ سردار ذوالفقارکھوسہ کے صاحبزادے سردار دوست محمد خان بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اجلاس میں 7 جون کو کراچی میں ہونے والے اجلاس کی حکمت عملی طے کی جائے گی جس میں پرویز مشرف، پیر پگاڑا، چودھری شجاعت، حامد ناصر چٹھہ، سید غوث علی شاہ، سردار ذوالفقار کھوسہ و دیگر شرکت کررہے ہیں۔