نوشہرہ: ہنگو میں دستی بم سے حملہ، دھماکہ تحریک انصاف کے امیدوار سمیت 7 زخمی
نوشہرہ + ہنگو + بنوں (نوائے وقت رپورٹ + صباح نیوز) نوشہرہ میں اکوڑہ خٹک کے خوڑ بازار میں دستی بم کے حملے میں ایک بچے اور دو خواتین سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق نامعلوم افراد دکان پر دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ادھر ہنگو میں گاڑی میں بم دھماکے سے تحریک انصاف کے امیدوار سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔ علاوہ ازیں اکوڑہ خٹک میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے آپریشن کے دوران ایک دہشت گرفتار کرلیا۔ دہشت گرد کا تعلق کالعدم تنظیم لشکر اسلام منگل باغ گروپ سے ہے۔ گرفتار دہشت گرد کے قبضے سے چار کلو بارودی مواد، دو دستی بم اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ ادھر نرمی خیل بنوں میں حساس اداروں نے کارروائی کرکے 3 خودکش جیکٹس، 2 دستی بم، 6 کلو بارودی مواد برآمد کرلیا گیا۔ دہشت گرد بلدیاتی الیکشن کے دوران تباہی کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ علاوہ ازیں ہنگو کے علاقہ شناوڑی زرگری میں گاڑی میں بم دھماکہ ہوا ہے جس میں پاکستان تحریک انصاف کے ضلع کونسل کے امیدوار نصراللہ خان سمیت دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔ اس حوالے سے پولیس نے بتایا کہ تحصیل ٹل کے یونین کونسل نریاب ٹو سے پاکستان تحریک انصاف کے ضلع کونسل کے امیدوار نصراللہ خان علاقہ شناوڑی زرگری میں انتخابی مہم کے سلسلے میں جا رہا تھا کہ اس کے گاڑی میں پہلے سے نصب شدہ میگنٹ بم کا دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں نصراللہ خان سمیت اس کا گارڈ شہباز زخمی ہو گئے ملک نصر اللہ خان کو تشویشناک حالت میں پشاور منتقل کر دیا گیا ہے۔