• news

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان دوسرا ایک روزہ میچ آج کھیلا جائے گا

لاہور (سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس) پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پچاسواں ایک روزہ انٹرنیشنل میچ آج کھیلا جائیگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ قذافی سٹیڈیم لاہور میں ڈے اینڈ نائٹ کھیلا جائیگا جو پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق سہ پہر چار بجے شروع ہوگا۔ تین میچوں کی سیریز میں میزبان پاکستان ٹیم کو ایک صفر سے برتری حاصل ہے۔ پاکستان ٹیم نے پہلے ایک روزہ میچ میں زمبابوے کے خلاف 41 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔ دوسرے میچ میں زمبابوے ٹیم کو کپتان ایلٹن چگمبورا کی خدمات حاصل نہیں ہو سکیں گی، آئی سی سی نے پہلے ون ڈے میں سلو اوور ریٹ پر ان پر دو میچوں کی پابندی عائد کر رکھی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 49 ایک روزہ انٹرنیشنل میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے 44 میچوں میں پاکستان اور تین میچز میں زمبابوے نے کامیابی حاصل کر رکھی ہے۔ ایک میچ ٹائی جبکہ ایک میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوا تھا۔ آج کا میچ دونوں ٹیموں کے لئے اہمیت کا حامل ہے۔ پاکستان یہ میچ جیت کر سیریز بھی جیت لے گا جبکہ زمبابوے کی ٹیم آج کا میچ جیت کر سیریز میں واپس آنے کی کوشش کرے گی۔ کلین سویپ کی صورت میں پاکستان کی ون ڈے رینکنگ میں بہتری آئے گی اور وہ چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کا اہل ہوجائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن