• news

کوئٹہ میں دہشتگردوں کیخلاف بلاتفریق ٹارگٹڈ آپریشن شروع کر دیا: وزیر داخلہ بلوچستان

کوئٹہ (اے این این) بلوچستان کے وزیرداخلہ نے کوئٹہ میں بلا تفریق ٹارگٹڈ آپریشن شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن کی بحالی کے لیے دہشتگردوں کے خلاف آخری حد تک جائیں گے، دہشتگردوں کی کمین گاہوں کے خاتمے کے لیے انٹیلی جنس آپریشن کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ روز آئی جی آفس میں سیکرٹری داخلہ اکبر درانی اور آئی جی ہمیش خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ کوئٹہ میں ایک ہفتے سے ہونے والے بے امنی کے واقعات قابل افسوس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں دہشتگردوں اور امن دشمن عناصر کیخلاف بلا تفریق ٹارگٹڈ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کی کمین گاہوں کے خاتمے کے لیے انٹیلی جنس آپریشن کیا جا رہا ہے، جس میں پولیس، ایف سی، لیویز اور حساس ادارے بھی حصہ لیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ شہر میں صرف ریاست کی رٹ ہے، نیشنل ایکشن پلان بڑے پیمانے پر شروع کیا جارہا ہے جس سے اچھے نتائج برآمد ہونے کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں اور امن دشمن عناصر کیخلاف قانون کی گرفت مضبوط ہو گی اور انہیں کسی صورت معصوم لوگوں کا قتل عام کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

ای پیپر-دی نیشن