• news

میرا ایمان ہے جوڈیشل کمشن کا فیصلہ ہمارے حق میں آئے گا، احتساب کے بغیر جمہوریت بے فائدہ ہے: عمران

سکردو (آن لائن + نوائے وقت رپورٹ) عمران خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی عوام کے حالات بدلنے والے ہیں میرا ایمان ہے جوڈیشل کمشن کا فیصلہ ہمارے حق میں آئے گا الیکشن اسی سال ہوں گے اور تحریک انصاف گلگت بلتستان سمیت پورے ملک میں حکومت بنائے گی۔ نواز زرداری گٹھ جوڑ کی وجہ سے گلگت بلتستان کے حالات پہلے سے بھی خراب ہو گئے عوام الیکشن میں تحریک انصاف کو کامیاب کریں ہم خیبر پی کے کی طرح گلگت کے حالات بھی بدلیں گے۔ سکردو میں جلسہ سے خطاب میں عمران نے کہا ہے کہ خوشی ہے میرے دھرنے کی وجہ سے نوجوانوں میں شعور بیدار ہوا۔ گلگت کی عوام میں شعور آ گیا اب تبدیلی کا راستہ کوئی دنیا کی طاقت نہیں روک سکتی۔ کفر کا نظام چل سکتا ہے لیکن ظلم کا نظام نہیں چل سکتا۔ انصاف کے بغیر انسانی معاشرہ نہیں ہوتا ظلم کا معاشرہ ہوتا ہے۔ نواز زرداری لابی آپ سے ووٹ مانگنے آئے تو آپ نے اسے تین سوال ضرور پوچھنے ہیں۔ جمہوریت کا مطلب یہ نہیں کہ ایک ہی شخص سارے اقتدار پر قابض ہو۔ جمہوریت کا مطلب ہے اقتدار کو نچلی سطح تک منتقل کرنا ہے۔ شہباز شریف جو خود کو خادم اعلیٰ کہلواتے ہیں اور لوگوں کو پولیس سے مرواتے ہیں۔ ایسی جمہوریت کا کوئی فائدہ نہیں جس میں سیاست دانوں کا احتساب نہ ہو جمہوریت میں ہر چیز میرٹ پر ہوتی ہے سفارش یا کرپشن کرنے کی کوئی جرأت بھی نہیں کرتا۔ اگر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے حکمران تین باریوں میں کچھ نہیں کرسکے تو چوتھی باری میں کیا کریں گے۔ زرداری اور نواز شریف نے اب تک بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے تاکہ پیسہ نیچے نہ جائے۔ جب تک عوام حکمرانوں کا احتساب نہ کر سکیں جمہوریت نہیں ہوتی۔ عمران خان آپ کے ساتھ مل کر پاکستان بچائے گا۔ کبھی ضمیر کی کوئی قیمت نہ رکھیں۔ غلط لوگوں کو ووٹ دے کر لوگ اپنا نقصان کرتے ہیں۔ عوام برادری کیلئے ووٹ نہ دیں اور نہ ہی دوستی دیکھیں۔ نظرئیے کو ووٹ دیں، سچ اور حق کیلئے کھڑے ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن