ریڈیو پاکستان کرکٹ کی مقبولیت میں اہم کردار ادا کررہا ہے:شہریاراحمد خاں
لاہور(نمائندہ سپورٹس/سپورٹس رپورٹر)پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کے کنٹرولر سپورٹس اور ایف ایم 101وحید شیخ نے چیئر مین پی سی بی شہریار احمد خان سے ملاقات کی اور زمبابوے ٹیم کے دورہ پاکستان پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ ریڈیو پاکستان اپنی سابقہ روایات کے مطابق ملک میں بین الاقوامی کرکٹ میچوں اور قومی کرکٹ کے مقابلوں پر بال ٹو بال کرکٹ کمنٹری جاری رکھے گا۔ملاقات میں سینئر کمنٹیٹر راجہ اسدعلی خاں بھی موجود تھے۔ وحید شیخ نے کہا کہ پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن وہ واحد نشریاتی ادارہ ہے جو ملک کی100فیصد آبادی اور علاقے کو معیاری پروگراموں سے آگاہ کرتا ہے۔ دورہ زمبابوے کے تمام تر میچز پر کرکٹ کمنٹری ریڈیو پاکستان کے ایف ایم 101اور میڈیم ویو چینلز پر نشر کی جاری ہے اس کے علاوہ انٹرنیٹ کے ذریعے بھی ریڈیو پاکستان کی کمنٹری دنیا بھر میں سنی جارہی ہے۔ چیئر مین پی سی بی شہریار احمد خان نے ریڈیو پاکستان کی حالیہ کاوشوں کی تعریف کی اور کھیل کے فروغ کے حوالے سے ریڈیو پاکستان کے کردار کو سراہا اور یقین دلایا کہ پی سی بی ریڈیو پاکستان سے آئندہ بھی ہر قسم کا تعاون جاری رکھے گا۔ریڈیو پاکستان کرکٹ کی مقبولیت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔