پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبے پر اتفاق رائے تاریخی کارنامہ ہے: گورنر پنجاب
لاہور (خصوصی رپورٹر) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبے پر تمام سیاسی جماعتوں کا اتفاق رائے ہمارے قومی رہنماﺅں کے سیاسی تدبر و ادراک اور جمہوری سوچ و فکر کا عملی ثبوت ہے۔ وزیراعظم محمد نوازشریف ہمیشہ تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ لے کر چلتے ہیں۔ ان کا یہ طرز سیاست جمہوریت کے استحکام اور تسلسل کا باعث ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹ کے ڈپٹی چیئرمین مولانا عبدالغفور حیدری سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے گزشتہ روز ان سے ملاقات کی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ ملک میں معاشی اور اقتصادی انقلاب کی راہ ہموار کرے گا، دیگر اہم معاملات میں بھی اگر اسی جذبہ کا مظاہرہ کیا گیا تو وہ دن دور نہیں جب پاکستان اقوام عالم کی صف میں ممتاز مقام پر ہو گا۔ گورنر نے کہا کہ موجودہ ملکی قیادت نے ملک کے مسائل کو ایک چیلنج سمجھ کر قبول کیا ہے۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ معاشی طور پر خودکفیل پاکستان ہی ہماری منزل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبے سے پاکستان کے طول و عرض میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور لوگوں کے معیار ِ زندگی میں بہتری آئے گی۔ قبل ازیں وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے گورنر سے ملاقات کی اور ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور پنجاب میں جاری ترقیاتی کاموں پر تبادلہ¿ خیال کیا گیا۔ گورنر نے وزیر اعلیٰ کو اپنے حالیہ دورہ ملتان کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں تمام سیاسی جماعتوں کا اقتصادی راہداری منصوبے پر اتفاق رائے تاریخی کارنامہ ہے۔
گورنر