• news

ہائیکورٹ: آصف ہاشمی کے ریڈ وارنٹ واپس لینے، ای سی ایل سے نام نکالنے کا حکم

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے متروکہ وقف املاک بورڈ کے سابق چئیرمین آصف ہاشمی کےخلاف جاری ریڈ وارنٹ واپس لینے کا حکم دے دیا۔ ملزم کو ایک ماہ میں ٹرائل کورٹ میں پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔ لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس مظہر اقبال سدھو نے متروکہ وقف املاک بورڈ کے سابق سربراہ آصف ہاشمی کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کے خلاف دائر درخواست پر قرار دیا ہے کہ آئین کے تحت کسی بھی ملزم کو اپنے دفاع کے حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔ عدالت نے آصف ہاشمی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی بھی ہدایت کی۔ واضح رہے کہ آصف ہاشمی نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ ڈی ایچ اے لینڈ سکینڈل کیس میں ایف آئی اے نے انکے بلاجواز ریڈ وارنٹ جاری کر رکھے ہیں۔ کیس کے دیگر ملزموں کی ضمانتیں منظور کی جا چکی ہیں جبکہ مکمل چالان بھی ٹرائل کورٹ میں پیش کیا جا چکا درخواست گزار کے مطابق وہ ٹرائل میں شامل ہونا چاہتا ہے لہذا فاضل عدالت ریڈ وارنٹ جاری کرنے کا اقدام کالعدم قرار دے۔
آصف ہاشمی

ای پیپر-دی نیشن