وزیراعظم نے 61 افسروں کو گریڈ 21 میں باضابطہ ترقی دیدی
لاہور + اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وزیراعظم نواز شریف نے 61 افسروں کو گریڈ 21 میں باضابطہ ترقی دیدی۔ 36 افسروں نے پروموشن بورڈ کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے حکم امتناعی حاصل کر رکھا تھا تاہم گزشتہ روز ہائیکورٹ نے مشروط طور پر نوٹیفکیشن جاری کرنے کی اجازت دیدی تھی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے ایڈیشنل سیکرٹری فواد حسن فواد کو گریڈ 21 میں باضابطہ ترقی دیدی گئی ہے وہ گزشتہ دو سال سے وزیراعظم آفس میں ایڈیشنل سیکرٹری کے عہدے پر فرائض سرانجام دے رہے ہیں جبکہ وزارت پانی وبجلی کے ایڈیشنل سیکرٹری حسن ناصر جامی، اکبر درانی، ساجد یوسفزئی، جمال ناصر، طاہر حسین اور دیگر نے اگلے عہدے میں ترقی حاصل کی۔ علاوہ ازیں سندھ کے 4 افسروں کی گریڈ 21 میں ترقی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ ترقی پانے والوں میں وزیراعلی سندھ کے پرنسپل سیکرٹری علیم الدین بلکو سیکرٹری ورکس اینڈ سروسز سید ممتاز شاہ، مختیار سومرو اور نوید شاہ شامل ہیں۔ وفاق نے چاروں افسروں کی خدمات سندھ حکومت کے حوالے کر دیں۔علاوہ ازیں وفاقی حکومت کی طرف سے منظوری کے بعد پنجاب میں تعینات گریڈ 21میں ترقی پانیوالے افسروں کی ترقی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا۔ 11 افسران کو گریڈ 21 میں ترقی دے کر موجودہ پوسٹ کو گریڈ 21میں اپ گریڈ کر دیا گیا ہے گریڈ 21میں ترقی پانیوالے افسروں میں کیپٹن (ر) جہانزیب خان سیکرٹری محکمہ جنگلات، میجر (ر) اعظم سلیمان سیکرٹری داخلہ پنجاب، سکواڈرن لیڈر (ر) عرفان الٰہی چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، عرفان علی چیئرمین چیف منسٹر انسپکشن ٹیم، محمد مشتاق سیکرٹری محکمہ مواصلات و تعمیرات، محمد جہانزیب ایڈیشنل چیف سیکرٹری انرجی ڈیپارٹمنٹ، جواد رفیق ملک سیکرٹری محکمہ صحت، ڈاکٹر اعجاز منیر سیکرٹری سروسز، کیپٹن (ر) نسیم نواز کمشنر فیصل آباد ڈویژن، ڈاکٹر پرویز اختر سیکرٹری محکمہ خوراک اور حبیب الرحمان گیلانی شامل ہیں ان افسران کی تقرری تک موجود سیٹ گریڈ 21میں اپ گریڈ کر دی گئی ہے۔
ترقی دیدی