• news

ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں کی: سپیکر خیبر پی کے اسمبلی، تحریری جواب طلب

 اسلام آباد(آن لائن) خیبر پی کے اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے بلدیاتی انتخابات کے ضابطہ کی خلاف ورزی کا الزام مسترد کردیا۔ الیکشن کمشن نے تحریری جواب اور حلف نامہ جمع کرانے اور سوموار کے روز دوبارہ حاضر ہونے کی ہدایت کر دی۔ جمعہ کے روز خیبر پی کے اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر الیکشن کمشن میں پیش ہوئے ان پر مخالف فریق نے الزام عائد کیا تھا کہ سپیکر نے اپنے حلقے میں چھ ہزار روپے فی کس تقریباً بیس کروڑ روپے کے لگ بھگ تقسیم کئے ہیں تاہم اسد قیصر نے ان الزامات سے یکسر انکار کردیا جس پر الیکشن کمشن نے ان الزامات کا تحریری جواب اور حلف نامہ داخل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سوموار کے روز دوبارہ حاضر ہونے کے احکامات جاری کئے۔ الیکشن کمشن نے قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیر پاﺅ اور مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر جاوید عباسی کیخلاف دائر شکایتوں کو پٹیشنرز کی جانب سے عدم پیروی پر خارج کر دیا۔ الیکشن کمشن میں پی کے 95 میں خواتین کے ووٹ نہ ڈالے جانے والے کیس کی سماعت کے دوران اے این پی ، عورت فاﺅنڈیشن کے دو وکلاءنے دلائل پیش کئے تاہم حلقے میں خواتین کو ووٹ ڈالنے سے زبردستی روکے جانے بارے الیکشن کمشن میں اب تک کوئی ٹھوس ثبوت جمع نہ کرائے جا سکے۔ کیس کی سماعت سوموار کے روز دوبارہ ہوگی اور جماعت اسلامی کے وکیل اپنے دلائل دینگے۔
سپیکر خیبر پی کے اسمبلی



ای پیپر-دی نیشن