ملتان میں رشوت لیتے رانا اقبال گرفتار، پنجاب بھر کے اکاﺅنٹ دفاتر میں ہڑتال کی کوششیں
لاہور (معین اظہر سے) پنجاب میں پہلی مرتبہ کرپشن پر رنگے ہاتھوں پکڑے جانے والے فرد کےلئے پنجاب بھر کے اکاﺅنٹ کے دفاتر میں ہڑتال کی کوششیں شروع کر دی گئیں جس پر اے جی پنجاب عمران اقبال نے حکومت پنجاب کو مدد کے لئے لیٹر لکھ دیا ہے جس میں کہاگیا کہ اینٹی کرپشن پنجاب نے ملتان میں رانا اقبال طاہر ڈی اے او ملتان ون کو رشوت لیتے ہوئے گرفتار کیا لیکن وہاں پر زبردستی اکاﺅنٹ دفاتر میں لوگوں کو کام سے روکا جا رہا ہے جبکہ میری رپورٹ کے مطابق پورے پنجاب کے متعدد اضلاع میں ڈسٹرکٹ اکاﺅنٹ دفاتر میں کام بند کیا جا رہا ہے اگر صورتحال کو نہ سنبھالا گیا تو یکم کو تنخواہیں ، پنشن جاری نہیں ہو سکے گی اسلئے پولیس اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ کو ہدایات جاری کی جائیں کہ وہ ملازمین کو سکیورٹی فراہم کریں۔ اے جی پنجاب عمران اقبال نے چیف سیکرٹری پنجاب کو لیٹر لکھا ہے جس میں کہا گیا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہیں اور پنشن کے کیس تیار ہو رہے ہیں اسلئے ڈی سی اوز، پولیس افسروں کو ہدایات جاری کی جائیں کہ وہ فوری ایکشن لیتے ہوئے سرکاری ملازمین کو تحفظ فراہم کریں جس پر چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایات پر تمام کمشنروں، ڈی سی اوز ، اور آرپی او ز کو لیٹر جاری کر دیا گیا۔ اس بارے میں ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب انور رشید سے موقف کے لئے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ اینٹی کرپشن ملتان نے قانون کے طے کر دہ طریقہ کار کے تحت اس ملازم کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا، ہم قانون کے تحت کام کر تے رہیں گے ۔ تاہم اس بارے میں ذرائع نے بتایا ہے تمام ڈسٹرکٹ اکاﺅنٹ دفاتر میں بغیر پیسے لئے کوئی بل پاس نہیں ہوتا اسلئے وہاں موجود مافیا کے لوگ تنخواہوں، پنشن کا کام روک کر حکومت کو بلیک میل کرنا چاہتے ہیں تاکہ اگر جون کے پہلے ہفتے میں صوبے میں تنخواہوں کی ادائیگی نہیں ہو گی تو حکومت کے لئے مشکل صورتحال ہو جائے گی جس پر اے جی پنجاب نے لیٹر لکھا ہے تاکہ حالات کو کنٹرول کیا جائے۔
ملتان/ رشوت