”پنجاب بجٹ“ آمدن کا 30 فیصد زائد تخمینہ 2 کھرب 97 ارب روپے ہو گا
لاہور (احسن صدیق) پنجاب کے آئندہ مالی سال 2015-16ءکے بجٹ میں صوبائی آمدنی کا تخمینہ 2 کھرب 97 ارب 54 کروڑ 8 لاکھ روپے لگایا گیا ہے جو رواں مالی سال 2014-15ءکیلئے 2 کھرب 28 ارب 87 کروڑ 76 لاکھ 12 ہزار روپے کی صوبائی آمدنی کے تخمینے کے مقابلے میں 68 ارب 66 کروڑ 33 لاکھ 77 ہزار روپے (30 فیصد) زائد ہو گا۔ ذرائع نے بتایا کہ آئندہ مالی سال کیلئے پنجاب حکومت کی مجموعی صوبائی آمدنی میں صوبائی محاصل کا تخمینہ 2 کھرب 14 ارب 8 کروڑ 43 لاکھ روپے لگایا گیا ہے جو رواں مالی سال کیلئے صوبائی محاصل کی وصولی کے ایک کھرب 64 ارب 68 کروڑ 2 لاکھ روپے کے تخمینے کے مقابلے میں 49 ارب 40 کروڑ 40 لاکھ روپے زائد ہو گا جبکہ غیر محاصل آمدنی کا تخمینہ 83 ارب 45 کروڑ 65 لاکھ 78 ہزار روپے لگایا گیا ہے جو رواں مالی سال کیلئے غیر محاصل آمدنی کے 64 ارب 19 کروڑ 73 لاکھ 68 ہزار روپے کے تخمینے کے مقابلے میں 19 ارب 25 کروڑ 92 لاکھ 10 ہزار روپے زائد ہو گا۔ ذرائع نے بتایا کہ صوبائی آمدنی میں اضافہ اسلئے کیا جا رہا ہے تاکہ آئندہ مالی سال کیلئے ترقیاتی بجٹ کیلئے وسائل دستیاب ہوں کیونکہ آئندہ مالی سال کیلئے پنجاب حکومت ترقیاتی بجٹ کا سائز 4 کھرب 50 ارب روپے مقرر کرنا چاہتی ہے جسے پورا کرنے کیلئے پنجاب این ایف سی کے تحت قابل تقسیم محاصل کی مد میں ملنے والے وسائل کے علاوہ صوبائی آمدنی کو بھی استعمال کیا جائیگا۔
بجٹ آمدنی