• news

پنجاب میں انصاف کا کوئی نظام نہیں‘ قاتل کو دوبارہ وزیر قانون بنا دیا گیا : عمران

سکردو (نیوز ایجنسیاں) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں انصاف کا کوئی نظام نہیں، ماڈل ٹاﺅن سانحہ میں معصوم لوگوں کے قاتل کو دوبارہ وزیر قانون بنا دیا گیا۔ انتخابی مہم کے سلسلے میں گلگت بلتستان کے دورے کے موقع پر گانچے کے مقام پر عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا ظلم کی یہ حد ہے کہ ماڈل ٹاﺅن سانحہ میں جنہیں گولیاں لگی تھیں انہی کیخلاف مقدمات درج کئے گئے ایک شخص کے ہوتے ہوئے چودہ افراد کو مار دیا گیا یہ ظلم کی انتہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تین تین بار حکومت میں آنے کے باوجود ان حکومتوں نے عوام کیلئے کیا خدمات کی ہیں۔ آزمائے ہوئے چہرے کو بار بار نہ آزمایا جائے نواز شریف تین بار وزیراعظم بنے انہوں نے عوام کو کیا ریلیف دیا چوتھی بار وہ کیا کرےں گے؟ عمران نے کہا ہے کہ خواتین کو سیاست میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے، بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں خواتین کو ووٹ کے استعمال کا حق نہیں ہے، اقتدار میں آ کر خواتین کو ان کے حقوق واپس کریں گے، آج جس مقام پر ہوں ماں کی وجہ سے ہوں، قبل ازیں عمران خان اپنی اہلیہ ریحام خان اور دیگر پارٹی رہنماﺅں کے ہمراہ گلگت کے علاقہ خپلو قلعہ پہنچے جہاں انہوں نے مختلف سکولوں اور ہسپتالوں کا دورہ کیا جبکہ صحت افزاءمقامات کی سیر کی۔ انہوں نے کہا کہ گلگت سوئٹزرلینڈ سے بھی زیادہ خوبصورت علاقہ ہے یہاں صرف تعلیم اور ہسپتالوں کی کمی ہے، انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آ کر اس علاقے کو اور بھی زیادہ خوبصورت بنائیں گے۔ سکول ،کالجز اور یونیورسٹیاں تعمیر کریں گے اور ان علاقوں کو سیاحوں کیلئے توجہ کا مرکز بنائیں گے، بعد ازاں عمران خان کی اہلیہ ریحام خان نے خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت الیکشن میں خواتین کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے ،پاکستانی خواتین کسی سے کم نہیں ہیں‘ ان خواتین میں تمام صلاحیتیں موجود ہیں، خواتین کو سیاست میں حصہ لیکر اپنے معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنا چاہیے ۔ آئی این پی کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہمیشہ سے دو پارٹی سسٹم چلا آرہا ہے جسے ختم کروں گا، تین تین بار باریاں لینے کے باوجود نواز شریف کچھ نہیں کرسکے ، اگر ہم انہی گھسی پٹی شکلوں کو ووٹ دیں گے تو ہماری حالت کبھی تبدیل نہیں ہوگی ،میں نوازشریف اور آصف زرداری کی دونوں وکٹیں اپنی ایک ہی بال پر لوں گا، آصف زرداری سینما کی ٹکٹیں بلیک کیا کرتے تھے اور اب 200 ارب روپے کا مالک بن چکا ہے، نواز شریف کا بیٹا لندن میں 700 کروڑ کے گھر میں رہائش پذیر ہے۔
عمران


ای پیپر-دی نیشن