الیکشن کمشن کا پولنگ پر اطمینان کا اظہار، سٹاف سکیورٹی اہلکاروں، ریٹرننگ افسروں کی تعریف
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمشن نے خیبر پی کے میں بیلٹ پیپرز ، انتخابی عملے اور امیدواروں کی تفصیلات جاری کردیں، پولنگ پر اطمینان کا اظہار کیا۔ الیکشن کمشن کے مطابق خیبر پی کے میں 41762 نشستوں کیلئے 84420 امیدواروں نے حصہ لیا، خیبر پی کے میں 11211 پولنگ سٹیشنز اور31059 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے 7 کروڑ بیلٹ پیپرز پرنٹنگ کارپوریشن سے چھپوائے گئے، خیبر پی کے میں سکیورٹی کا معاملہ ایک بڑا چیلنج تھا، پولیس کے 80ہزار اور پاک فوج کی 33کمپنیوں نے فرائض سرانجام دیئے ۔ الیکشن کمشن نے پولنگ سٹاف سکیورٹی اہلکاروں ، ریٹرننگ، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسروں کی تعریف کی اور کہا عوام نے جمہوری حق استعمال کر کے بہادری کا ثبوت دیا۔ الیکشن کمیشن نے خواتین ووٹرز کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔