باؤلنگ اور بیٹنگ میں اچھا کمبی نیشن بنانے کی کوشش کر رہے ہیں : مشتاق احمد
لاہور(سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سپن باؤلنگ کوچ مشتاق احمد نے کہا ہے کہ سعید اجمل کا فوری متبادل ملنا مشکل ہے ہمیں مزید نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کی ضرورت ہے، ہیڈ کوچ وقار یونس اور کپتان اظہر علی نئے لڑکوں میں اعتماد پیدا کرنے کے لئے انہیں مواقعے دے رہیں، کھلاڑیوں کو بھی اب اپنا رول ادا کرنا چاہئے۔ سری لنکا کے خلاف سیریز سے قبل ہمارے انجرڈ کھلاڑی فٹ ہو کر قومی سکواڈ کا حصہ بن جائیں گے جس سے سیریز میں اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قذافی سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ چھ سال بعد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوئی ہے، شائقین کرکٹ نے جس طرح کھلاڑیوں کو ویل کم کیا ہے دیکھ کر دل خوش ہو گیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ باؤلنگ اور بیٹنگ میں اچھا کمبی نیشن بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ نوجوان کھلاڑیوں کو جو پلان دیا جا رہا ہے اگر وہ اس پر عمل کرنا شروع کر دیں تو اچھے نتائج بھی ملنا شروع ہو جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جب تک انٹرنیشنل کرکٹ پوری طرح بحال نہیں ہو جاتی ہمیں اپنے ڈومیسٹک کرکٹ کے سٹرکچر کو مضبوط کر کے اس سے زیادہ سے زیادہ نوجوان کھلاڑیوں کو تلاش کر کے مستقبل کے لئے تیار کیا جائے۔ زمبابوے کرکٹ آسان ٹیم نہیں ہے ماضی میں اس نے آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ جیسی ٹیموں کے خلاف تین تین سو رنز بنا رکھے ہیں۔ پاکستان کے خلاف ٹی ٹونٹی اور ون ڈے سیریز میں بھی اس کے بلے بازوں نے اچھا کھیل پیش کیا ہے۔