حکومت زیرو ریٹنگ سیلز ٹیکس نظام کی بحالی کیلئے اقدامات کریگی: خرم دستگیر
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خاں نے ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز کے طویل مدت سے زیر التوا ریفنڈ کلیمز کی فوری ادائیگی اور ٹیکسٹائل کی برآمدی صنعت کیلئے زیرو ریٹنگ سیلز ٹیکس کی بحالی کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔ ٹیکسٹائل کی صنعت ملکی معیشت کا اہم ستون ہے اور اسکی ترقی کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے یہ بات پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے ایک وفد سے ملاقات میں کہی۔ پی ٹی ای اے کے چیئرمین سہیل پاشا نے کہا کہ ان کی قیادت میں ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز کے ایک وفد نے خرم دستگیر خان سے ملاقات کی جس میں انہوں نے ٹیکسٹائل کی صنعت اور برآمدی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔