• news

شالیمار: زیر تعمیر مکان میں کام کرتے 2 مزدور بھائی اور بھتیجا کرنٹ لگنے سے زندہ جل گئے

لاہور (سٹاف رپورٹر) تھانہ شالیمار کے علاقہ میں زیر تعمیر مکان میں کام کے دوران 2 مزدور بھائیوں اور ان کا بھتیجا کرنٹ لگنے سے جھلس کر زندہ جل گئے۔ واقعہ پر پورے علاقہ میں خوف پھیل گیا معلوم ہوا ہے کہ تھانہ شالیمار کے علاقہ شیلر چوک کے قریب ناروال کے گائوں جیسر کے رہائشی2 بھائی 55 سالہ شبیر احمد،50 سالہ نصیر احمد اور ان کا بھیتجا 28 سالہ حافظ احمد نواز اپنے ہی مکان کی تعمیر کر رہے تھے اور مکان کی تعمیر کے لئے لکڑی کے پھٹوں کی گو کی گئی مکان کے قریب سے ہی واپڈا کی مین لائن گزر رہی تھی کہ اسی دوران بارش اور تیز ہوائوں کے باعث لکڑی کے پھٹے گیلے ہو گئے اور ہوا کے چلنے سے مین لائن پھٹوں سے جا ٹکرائی جس کے باعث کام کرنیوالے مزدور 55 سالہ شبیر،50 سالہ نصیر اور 28 سالہ حافظ احمد نواز کرنٹ لگنے سے جھلس گئے اور موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ دیگر مزدور نے زیر تعمیر مکان کے ساتھ والی چھتوں پر چھلانگیں لگا کر جانیں بچائیں واقعہ کے بعد اہل علاقہ کی بڑی تعداد جمع ہو گئی اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا پولیس نے نعشیں قبضے میں لے کر تحقیقات شروع کی تو ورثاء نے پوسٹ مارٹم سے انکار کرتے ہوئے واقعہ کو حادثہ قراردیتے ہوئے نعشیں دینے کا مطالبہ کیا جس پر پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد نعشیں ورثا کے حوالے کر دیں۔ مزدوروں کی نعشیں گھر پہنچیں تو کہرام مچ گیا۔ علاوہ ازیں خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کرنٹ لگنے سے 3 مزدوروں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے اور ان کے اہل خانہ سے ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ہے۔وزیراعلیٰ نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ بھی طلب کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن