گورنر مہتاب عباسی کا بیٹا، پرویز خٹک کا بھائی، بھتیجا فضل الرحمن کے بھائی، امیر مقام اور امان اللہ جدون کے بیٹے بھی جیت گئے
پشاور (آئی این پی+نوائے وقت رپورٹ)خیبرپی کے بلدیاتی انتخابات میں کوئی بڑا اپ سیٹ نہیں ہو ا، بڑے بڑے خاندانوں کے جانشین کامیاب ہوگئے۔ گورنر خیبرپختونخوا سردار مہتاب احمد خان کے بیٹے شمعون یار عباسی مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر وارڈ نمبر 8ایبٹ آباد کی نشست پر 2976ووٹ لیکر ضلع کونسل کی نشست پر کامیاب ہو گئے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کے بھائی لیاقت خٹک یو سی مانکی شریف نوشہرہ سے کامیاب ہوئے جبکہ پرویز خٹک کے بھتیجے احد خٹک یوسی مانکی شریف تحصیل کونسل نوشہرہ کی نشست پر کامیاب ہوئے ۔جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بھائی عبید الرحمن ڈیرہ اسماعیل خان سے کامیاب ہوئے۔ مسلم لیگ(ن) کے رہنماء انجینئر امیر مقام کے بیٹے نیاز احمدیو سی بنگلہ شانگلہ سے ضلع کونسل کی سیٹ جیتنے پر کامیاب ہو گئے ۔مولانا فضل الرحمن کے سمدھی و سابق ضلع ناظم سینیٹر حاجی غلام فرید کے بیٹے زبیر علی یو سی نمبر 38 پشاور سے ضلع کونسل کی نشست پر کامیاب ہوئے۔سابق صوبائی سپیکر کرامت اللہ چغرمٹی کے بھائی امتیاز اللہ خان یو سی نمبر 9پشاور سے ضلع کونسل کی نشست پر فتح یاب ہوئے۔تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے سابق وفاقی وزیر امان اللہ جدون کے بیٹے علی خان جدون وارڈ نمبر 24 کاکول ایبٹ آباد سے 3210ووٹ لیکر جیت گئے۔ پیپلز پارٹی کے سابق وفاقی وزیر ارباب عالمگیر کے بیٹے ارباب زرق خان پشاور سے ضلع کونسل کی نشست پر کامیاب ہو گئے ۔ سابق وزیر اعلیٰ اکرم خان درانی کے چچا زاد بھائی عرفان درانی جے یو آئی(ف) کے ٹکٹ پر بنوں سے ضلع کونسل کی نشست پر کامیاب ہوئے۔والی سوات میاں گل جہانزیب کے نواسے میاں گل امیر زیب شہریار آزاد حیثیت میں 2579ووٹ لیکر سیدوشریف ضلع کونسل سوات کی نشست پر کامیاب ہوئے۔