گلگت بلتستان کے عوام گورنر ہٹانے کا بدلہ مسلم لیگ (ن) سے ضرور لیں گے: خورشید شاہ
غذر (آئی این پی) اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے گلگت بلتستان کے کسی فرد کو گورنر بنانے کی بجائے خوشاب کے ایک شخص کو گلگت بلتستان کا گورنر بنایا گیا جو اس خطے کے عوام کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے گورنر پیر کرم علی شاہ کو جس انداز میں گورنر کے عہدے سے ہٹایا گیا اس کا بدلہ آنے والے الیکشن میں گلگت بلتستان خصوصاً ضلع غذر کے عوام مسلم لیگ (ن) سے ضرور لیں گے۔ یہ باتیں انہوں نے اپنے دورہ غذر کے موقع پر شیر قلعہ میں امیدوار قانون ساز اسمبلی بدرالدین بدر کے انتخابی جلسے میں خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں گلگت بلتستان کو اپنا گھر سمجھتا ہوں اور اس علاقے سے میرا 1990 سے تعلق ہے اس وقت اس علاقے کو ناردرن ایریا کے نام سے پکارا جاتا تھا جو کہ علاقے کی اس نام سے کوئی پہچان نہیں تھی ہماری حکومت نے نہ صرف اس نام کو ختم کر کے اس خطے کا نام گلگت بلتستان رکھا بلکہ گلگت بلتستان کو ایک صوبائی سیٹ اپ بھی دیا جب 68 سالوں سے کئی حکومتیں آئیں مگر سوائے پاکستان پیپلز پارٹی کے کسی بھی حکومت نے گلگت بلتستان کی طرف کوئی توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ پی پی اپنے ورکروں کو پارٹی ٹکٹ دیتی ہے یہ جاگیرداروں کی نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک چھوڑنے کی بجائے موت کو گلے لگا لیا۔ ہمارے قائدین نے ملک اور قوم کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ندیم احمد چن نے کہا کہ گلگت بلتستان میں اس بار پھر ہماری حکومت بنے گی۔ آج گوادر اور کوریڈور یا ایران سے گیس کی پائپ لائن کی بات ہو یہ سب ہمارے دور کے منصوبے تھے اور یہ سب منصوبے آصف زردری کی کامیاب پالیسی کا نتیجہ ہیں۔
خورشید شاہ