• news

ہماری حکومت سازش کے تحت ختم نہ کی جاتی تو گلگت بلتستان کا نقشہ ہی تبدیل ہوتا: مشرف

غذر (آئی این پی) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ و سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے لوگوں سے دلی محبت ہے یہاں کے لوگ باعزت، جفاکش اور بہادر ہیں خطہ گلگت بلتستان کے چپے چپے سے واقف ہوں اور میری زندگی کے بڑا حصہ یہاں کے بہادر جوانوں کے ساتھ گزرا ہے انہوں نے کہا کہ مجھے بے حد خوشی ہے کہ گلگت بلتستان کے جنرل الیکشن میں میری جماعت بھرپور انداز میں حصہ لے رہی ہے اور کئی امیدوار جیتنے کی پوزیشن میں ہیں مسلم لیگ ن، پی پی پی اور دیگر جماعتیں الیکشن کے دنوں آپ کے پاس جھوٹے وعدے لے کر آ چکے ہیں یہ لوگ جھوٹے وعدوں کے سوا آپ کو کچھ نہیں دے سکتے گلگت بلتستان میں سڑکوں کا جال ہم نے بچھایا قراقرم یونیورسٹی جیسی عظیم درس گاہ کا تحفہ میں نے دیا۔ انہوں نے یہ باتیں آل پاکستان مسلم لیگ کے صوبائی امیدوار حلقہ جی بی 20 غذر 2 نور ولی کے گاہکوچ میں منعقد انتخابی جلسے سے ٹیلی فونک خطاب میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نام نہاد جمہوری پارٹیاں شروع روز سے گلگت بلتستان کے ساتھ فراڈ کرتی آئیں اور اب بھی فراڈ کر رہی ہیں بابوسر روڈ، سکردو روڈ، گلگت چترال روڈ اور بجلی کے بڑے منصوبے میرے دور میں شروع ہوئے علاقے میں ٹیلی مواصلات کا انقلاب ہم نے لایا تاکہ خطے کے عوام کی پسماندگی کو دور کیا جا سکے۔ مجھے تعجب ہو رہا ہے کہ آج انٹرنیشنل اکنامک کوریڈور کی باتیں کی جا رہی ہیں مگر جس خطے سے یہ روڈ نکلتا ہے وہاں کے باسیوں کو کوئی نہیں پوچھتا۔ اقتصادی راہداری سے ملنے والے فائدے کے سب سے زیادہ مستحق اور حقدار گلگت بلتستان کے لوگ ہیں۔ ہماری حکومت سازش کے تحت ختم نہیں کی جاتی تو آج گلگت بلتستان کا نقشہ ہی تبدیل ہوتا۔ ہم جانتے ہیں کہ ہمارے جانے کے بعد ملک بھر سمیت گلگت بلتستان میں تعمیر و ترقی کے حوالے سے ایک اینٹ تک نہیں رکھی گئی۔ گلگت کے عوام مجھ سے محبت کرتے ہیں تو 8 جون کو اے پی ایم ایل کے امیدواروں کو ووٹ دیں۔
مشرف

ای پیپر-دی نیشن