یمن جنگ : سعودی عرب اور اتحادی کلسٹر بم استعمال کر رہے ہیں : ہیومن رائٹس واچ کا الزام حوثی باغیوں کے امریکی حکام سے مذاکرات
ریاض+ صنعاء(بی بی سی + اے ایف پی+نوائے وقت رپورٹ) حقوقِ انسانی کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے یمن میں جاری جنگ میں سعودی عرب اور اس کی اتحادی فوجوں پر کلسٹر بموں کے استعمال کا الزام عائد کیا ہے۔ ادھر یمن کے دارالحکومت صنعا اور اس کے گردو نواح میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر سعودی عرب کی اتحادی افواج نے سنیچر کی شب سے اتوار کی صبح تک بمباری کی ہے۔ خیال رہے کہ یہ حملے ایک ایسے وقت میں کئے جا رہے ہیں جب یمن کے لئے اقوامِ متحدہ کے خصوصی نمائندے اسماعیل شیخ مذاکرات کے لئے صنعا پہنچ چکے ہیں۔ اتوار کو ہیومن رائٹس واچ کی جانب سے جاری ہونے والے تحریری بیان میں بتایا گیا ہے کہ حوثی باغیوں کے علاقوں میں ممنوعہ کلسٹر بموں کی وجہ سے بچے اور شہری زخمی ہوئے ہیں۔ ادارے کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم نے صعدہ کا دورہ کیا جہاں 15 اور 16 مئی کو بمباری ہوئی تھی۔ ہیومن رائٹس واچ کے تحریری بیان میں ادارے سے منسلک سنیئر محقق اولے سولوانگ نے کہا ہے کہ سعودی اتحاد اور لڑنے والے دیگر گروہوں کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ یہ ممنوعہ کلسٹر بم شہریوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’یہ ہتھیار عام شہریوں اور فوجی اہداف میں تمیز کی صلاحیت نہیں رکھتے اور کلسٹر بموں سے نکلنے والے چھوٹے بموں سے جنگ ختم ہونے کے بعد بھی عام شہریوں خصوصاً بچوں کو شدید خطرات لاحق ہوتے ہیں۔‘ ہیومن رائٹس واچ کا کہنا ہے کہ حوثی باغیوں کے مضبوط گڑھ صعدہ صوبے کا دورہ کرنے والے تنظیم کے اہلکاروں کو ایسے شواہد ملے ہیں جن سے واضع ہوتا ہے کہ ممنوعہ کلسٹر بموں سے بچوں سمیت عام شہری زخمی ہوئے ہیں۔ واضع رہے کہ کلسٹر بم کے ذریعے ایک وسیع علاقے پر چھوٹے چھوٹے بم گرائے جاتے ہیں جو اگر فوری طور پر نہ بھی پھٹیں تو زمین میں دھنس جانے کی وجہ سے آبادی کے لیے خطرناک ہوتے ہیں۔ ایک معاہدے کے تحت دنیا کے 116 ممالک نے ان بموں کے استعمال پر پابندی لگائی رکھی ہے لیکن سعودی عرب ان ممالک میں شامل نہیں ہے۔ امریکہ اور سعودی اتحاد میں شامل دیگر ممالک نے بھی پابندی کے اس معاہدے پر دسخط نہیں کئے۔ اقوامِ متحدہ کے مطابق یمن میں جاری جنگ میں مارچ کے مہینے سے اب تک خواتین اور بچوں سمیت دو ہزار افراد ہلاک اور آٹھ ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔ ادھر سرحدی علاقے جازان میں یمنی باغیوں کی شیلنگ سے سعودی سرحدی محافظ مارا گیا۔ 7 زخمی ہو گئے سعودی عرب میں ہلاکتوں کی تعداد 31 ہو گئی۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ امریکیوں کو باغیوں نے محصور بنایا ہوا ہے۔ یمنی حکومت کے ترجمان نے دعویٰ کیا حوثی باغیوں نے بحران کے حل کی خاطر اومان میں امریکی حکام سے مذاکرات شروع کر دیئے ہیں صدر منصور ہادی کے ترجمان رجیہہ بادی نے کہا ہم اس ڈائیلاگ کا حصہ نہیں ہیں۔ سعودی عرب کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ایران واحد ملک ہے جو مشرق وسطیٰ کے امور میں مداخلت کررہا ہے اور دہشت گردی کی حمایت کررہا ہے مصری ہم منصب کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران کی جانب سے خطے میں مداخلت پر سعودی عرب خاموش تماشائی نہیں بنے رہے گا یمن اور شام میں جاری بحران کے حوالے سے سعودی عرب اور مصر ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں۔
یمن