وفاقی کابینہ میں توسیع: متوقع طور پر 5 نئے وزرا میں کوئی خاتون شامل نہیں
اسلام آباد (شفقت علی/نیشن رپورٹ) مسلم لیگ (ن) وفاقی کابینہ میں توسیع کرنے جا رہی ہے اور اس حوالے سے کم ازکم 5نئے وزراءکے کابینہ میں شامل ہونے کا امکان ہے تاہم حکمران جماعت کے ذرائع کے مطابق کابینہ میں شامل خواتین کی تعداد میں اضافہ ایک خواب ہی رہیگا، کابینہ میں خواتین کی انتہائی کم نمائندگی برقرار رہے گی۔ اسوقت کابینہ میں صرف دو خواتین وزراءمملکت شامل ہیں جن میں انوشہ رحمن انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونی کیشن اور سائرہ افضل تارڑ کے پاس نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشن اور کوآرڈی نیشن کا قلمدان ہے۔ سابق صدر رفیق تارڑ کی صاحبزادی سائرہ افضل تارڑ کے پاس ہیلتھ سروسز کی وزارت کے اختیارات پہلے ہی اسلئے کم ہوگئے ہیں کہ اس شعبے کو صوبائی حکومتوں کو منتقل کردیا گیا ہے۔ حکمران جماعت کے ذرائع نے ”دی نیشن“ کو دیئے گئے اپنے انٹرویو میں واضح کیا کہ اس بار کابینہ کی متوقع توسیع میں بھی کسی خاتون رکن پارلیمنٹ کو وزارت دیئے جانے کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم کی خواہش ہے کہ مزید خواتین کو کابینہ میں شامل جائے مگر وزیر بننے کے امیدواروں کی فہرست لمبی ہوتی جا رہی ہے جس کے تناظر میں خواتین کو وزیر بنانے میں مشکل بڑھتی جا رہی ہے، مسلم لیگ (ن) کی 35 مخصوص نشستوں اور 3خواتین جنرل نشستوں پر قومی اسمبلی کا حصہ ہیں، 5خواتین سینیٹرز بھی ہیں، ماضی میں خواتین پاکستان کی سیاست میں تاریخی کردار ادا کر چکے ہیں ، بینظیر بھٹو دو مرتبہ وزیراعظم رہ چکی ہیں، قومی اسمبلی کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا عہدہ بھی خواتین کے پاس رہ چکا ہے۔ پاکستان کی آبادی میں خواتین کا تناسب 48فیصد ہے، اس اعتبار سے حکومت میں انکی نمائندگی انتہائی کم ہے، اس وقت کوئی بھی وفاقی وزیر قانون نہیں تاہم دو خواتین وزراءمملکت ہیں۔ صوبائی سطح پربھی صورتحال اس سے مختلف نہیں، خیبر پی کے میں انقلاب کی دعویدار تحریک انصاف کی حکومت میں صرف ایک خاتون وزیر ہے۔ 56 فیصد آبادی والے پنجاب کی کابینہ میں صرف 2خواتین کو نمائندگی دی گئی ہے۔ سندھ میں قائم علی شاہ نے اپنی کابینہ کیلئے صرف ایک خاتون کو چنا ہے جبکہ بلوچستان میں کوئی بھی خاتون وزارت کے قلمدان تک نہ پہنچ سکی ہے۔وفاقی کابینہ میں اس وقت 19وزراءہیں، اسکے علاوہ مشیر اور معاون خصوصی بھی ہیں، اٹھارہویں ترمیم کے بعد کابینہ کو 49 افراد سے زیادہ توسیع نہیں دی جا سکتی۔
صرف 2خواتین