بلاول کی چھ ماہ بعد وطن واپسی‘ پارٹی رہنماﺅں سے ملاقاتیں‘ زرداری بھی کراچی پہنچ گئے
کراچی (سٹاف رپورٹر+ ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پیر کی دوپہر 6 ماہ بعد کراچی پہنچ گئے۔ انہوں نے بلاول ہاﺅس میں پارٹی رہنماﺅں سے ملاقاتیں بھی کیں۔ بختاور بھٹو بھی انکے ساتھ تھیں۔ بعدازاں رات کو سابق صدر آصف زرداری بھی دبئی سے واپس کراچی پہنچ گئے۔ سابق وفاقی وزیر رحمن ملک نے اتوار کی شب بلاول کی وطن واپسی کا اعلان کیا تھا۔ بلاول بھٹو نجی طیارے پر وطن پہنچے۔ جہاز کراچی ائر پورٹ کے پرانے ٹرمینل پر اترا جس کے بعد وہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے بلاول ہاﺅس چلے گئے۔ بلاول کی ائر پورٹ آمد پر سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے اور کمانڈوز کو تعینات کیا گیا تھا۔ ادھر سندھ کے وزیر بلدیات شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی متحد ہے اور باپ بیٹے میں کوئی اختلاف نہیں اور پارٹی کا ہر ورکر جانتا ہے کہ دونوں قائدین ملک میں جمہوریت کی بقا اورمسائل سے نکالنے کیلئے کوشاں ہیں۔ پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری ملکی سیاست میں بھرپور طریقے سے حصہ لیں گے، وہ اس دوران سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی مہم کی قیادت وہ خود کریں گے۔ وہ پنجاب کے مختلف شہروں میں جلسوں کی قیادت کریں گے اور پیپلز پارٹی کو پنجاب میں دوبارہ مضبوط کرنے کیلئے ناراض کارکنوں اور ذمہ داران کو ایک مرتبہ پھر اکٹھا کریں گے۔ واضح رہے بلاول بھٹو زرداری 18 اکتوبر 2014ء کو باغ جناح میں جلسہ میں سیاسی کیریئر کا آغاز کرنے کے چند روز بعد ہی اختلافات کی وجہ سے بیرون ملک روانہ ہوگئے تھے۔ اس دوران بلاول بھٹو پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس اور اپنی والدہ کی برسی کی تقریبات میں بھی شریک نہیں ہوئے تھے۔ چند روز قبل دبئی میں پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے درمیان ملکی حالات اور آئندہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔ بلاول بھٹو اندرون سندھ، پنجاب، خیبر پی کے، گلگت بلتستان، بلوچستان اور آزاد کشمیر کا شیڈول کے مطابق دورہ کریں گے۔ شازیہ مری نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کا حکومت سے کوئی تعلق نہیں وہ جماعت کے سربراہ ہیں۔ بلاول بھٹو ملک سے باہر رہ کر بھی تمام معاملات میں شریک رہے۔ بلاول نے اپنے لوگوں کو کہا ہے کہ کارکردگی پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں پانی کے بحران کا نوٹس لے لیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے پانی کے بحران پر آج اجلاس طلب کرلیا۔ اجلاس میں آصف زرداری، قائم علی شاہ، شرجیل میمن، محکمہ بلدیات اور واٹر بورڈ کے حکام شرکت کریں گے۔
کراچی(رپورٹ شہزاد چغتائی) بلاول بھٹو کی وطن واپسی کے بعد بلاول ہاﺅس میں میلہ لگ گیا۔ بلاول بھٹو کا سیکرٹریٹ بھی بحال کردیا گیا۔ 6 ماہ قبل بلاول بھٹو کی بیرون ملک روانگی کے بعد ان کے سیکرٹریٹ کو ختم کرکے عملہ کو فارغ کردیا گیا تھا۔ کراچی آمد کے فوراً بلاول بھٹو نے حکومت سندھ کی کارکردگی کے پی کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کے پیچھے رہ جانے کا نوٹس لے لیا اور پیپلز پارٹی سرحد کے صدر امان اللہ خان کو طلب کرلیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بلاول بھٹو کی آمد کے ساتھ ذوالفقار مرزا کی توپیں خاموش ہوگئیں۔ ذرالفقار مرزا نے بلاول بھٹو کو اپنا لیڈر قرار دیا تھا سیاسی حلقوں کا موقف ہے کہ بلاول کو وطن واپس لاکر آصف علی زرداری ایک بار پھر مرد میدان ثابت ہوئے اور بحران سے نکل گئے۔ بلاول کو والد کا ٹرمپ کارڈ قرار دیا جارہا ہے۔
بلاول بھٹو