• news

راولپنڈی میٹروبس منصوبہ ریکارڈ مدت میں مکمل‘ وزیراعظم جلد افتتاح کرینگے : شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس پراجیکٹ کو تمام تر رکاوٹوں کے باوجود ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیاہے اور ےہ منصوبہ جڑواں شہروں کا نہیں بلکہ پاکستان کاقومی منصوبہ ہے۔ منصوبے کو انتہائی شفاف طریقے سے اعلیٰ معیار کے ساتھ برق رفتاری سے مکمل کیا گیاہے۔ راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس پراجیکٹ لاہور کے میٹرو منصوبے سے زیادہ خوبصورت اور شاندار منصوبہ ہے۔ 23 کلومیٹر طویل ےہ منصوبہ 24 سٹیشنز پر مشتمل ہے جس میں ایلیویٹرز، ایکسلیٹرز کی تنصیب کے علاوہ ای ٹکٹنگ کا نظام بھی موجود ہے۔ وزیراعظم نوازشریف آئندہ چند روز میں اس منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔ افتتاحی تقریب میں سیاسی جماعتوں کے قائدین، گورنرز ، وزرائے اعلی اور سیاستدانوں کو شرکت کی دعوت دی جائیگی۔ عوام نے 2013ءمیں اپنی خدمت کیلئے مسلم لیگ (ن) کو جو مینڈیٹ دیاتھا میٹروبس منصوبہ اسکا مظہر ہے اور ےہ اس خواب کی تعبیر ہے جو قائدؒ اور اقبالؒ نے دیکھا تھا۔ دھرنوں نے نہ صرف میٹروبس پراجیکٹ بلکہ ملک و قوم کا بے پناہ نقصان کیا۔ شرارتی عناصر نہیں چاہتے کہ پاکستان دوبارہ ترقی کے راستے پر گامزن ہو۔ لیکن میں ان عناصر پر واضح کردینا چاہتا ہوں کہ اگر اب کسی نے ترقی کے سفر میں رکاوٹیں پیدا کیں تو قوم خودان کا محاسبہ کریگی اور کسی کو پاکستان کا نقصان نہیں کرنے دیگی۔ غریب قوم کے خون پسینے کی کمائی کو اب غارت کرنے والوں سے حساب عوام خود لیں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز اسلام آباد میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے تعلق رکھنے والے اینکرپرسنز، کالم نگاروں، ایڈیٹرز اور سنیئر رپورٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سنیٹر پرویز رشید، حنیف عباسی اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس پراجیکٹ عام آدمی کو بہترین سفری سہولتیں فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا- میٹرو بس پراجیکٹ عالمی معیار کی سہولتوں پر مبنی عوامی بہبود کا شاندار قومی منصوبہ ہے جس سے اسلام آباد اور راولپنڈی کے ڈیڑھ لاکھ سے زائد شہری روزانہ مستفید ہوں گے۔ اشرافیہ اور امیر طبقہ بڑی بڑی ائرکنڈیشنڈ گاڑیوں میں سفر کرتا ہے، لیکن مڈل کلاس کے ڈاکٹرز، وکلا، سرکاری و نجی اداروں کے افسران وملازمین، عام شہری اور غریب آدمی میٹرو بس منصوبے کے ذریعے ائرکنڈیشنڈ معیاری بسوں میں اپنی منزلوں تک بروقت اور تیز رفتاری سے پہنچ سکیں گے۔ دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔ لیکن عوام کے لئے سڑکوں، ہسپتالوں، تعلیمی ادروں اور دیگر چیزوں کی بھی ضرورت ہے جنہیں ساتھ ساتھ پورا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ پاک چائنہ اکنامک کوریڈور کے تحت 46ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں سے 33 ارب ڈالر بجلی کے منصوبوں پر لگیں گے اور یہ منصوبے صرف پنجاب میں نہیں بلکہ تمام صوبوں میں لگائے جائیں گے۔ دھرنوں کی منفی سیاست سے میٹرو بس منصوبہ چھ ماہ کی تاخیر کا شکار ہوا۔ میٹروبس جیسے ترقیاتی منصوبے عوامی مزاج کو خوشگوار بنانے میں گیم چینچر ثابت ہوںگے۔ اور میٹروبس منصوبے کی تکمیل کسی کی فتح یا شکست نہیں ہے بلکہ یہ عوامی خدمت کی اعلیٰ مثال ہے اور ہم ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد عوام کی طرف سے 2013 ءمیں دیئے گئے بھرپور مینڈیٹ کی پاسداری اور ملکی وسائل عوام کی سہولت کیلئے خرچ کرنے کی پالیسی کے تحت کر رہے ہیں ۔ وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ میٹرو بس پراجیکٹ ریکارڈ مدت میں مکمل ہوا ہے اور راولپنڈی صدر سے پاک سیکرٹریٹ اسلام آباد تک منصوبے کے کوریڈور پر شہریوں کی سہولت کے لیئے سٹیٹ آف دی آرٹ کل چوبیس بس سٹیشن بنائے گئے ہیں میٹرو بس سروس کے لیئے کل 68 ائر کنڈیشنڈ بسیں چلائی جا رہی ہیں جو پچاس منٹ میں راولپنڈی صدر سے پاک سیکرٹریٹ اسلام آباد تک 23کلو میٹر کا فاصلہ تقریبا پچاس منٹ میں طے کریں گی۔ وزیراعلی نے کہا کہ میٹرو بس پراجیکٹ کے ذریعے کوفاقی دارالحکومت کے جڑواں شہروں کے مکینوں کو آرام دہ، معیاری اور باکفایت سفری سہولتیں میسر آئیں گی اور اور سبسڈی عوام کی سہولت کیلئے دی گئی ہے جبکہ ٹرانسپورٹ کے منصوبے کبھی بھی اپنی کاسٹ پوری نہیں کرتے اور انگلینڈ اور روس جیسے ترقی یافتہ ممالک کے بڑے شہروں میں میٹرو بس سروسز کے ذریعے سبسڈائزڈ ریٹس پر سفری سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں۔ پاکستان چین اکنامک کوریڈور انقلابی قدم ہے اور چین کی طرف سے پاکستان کے وزیراعظم اور عوام پر گہرے اعتماد کا عکاس ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے چین کے ساتھ اقتصادی تعاون اور اکنامک کوریڈور کی منزل تک پہنچنے کیلئے گزشتہ دو سال کے دوران شب و روز محنت کی۔ وزیراعلی نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ وزیراعظم کے ہمراہ بیرون ملک دوروں پر میں صرف نہیں جاتابلکہ دیگر صوبوں کے وزرائے اعلی کو بھی بیرون ملک دوروں کیلئے دعوت دی جاتی ہے جو اپنی مصروفیات کی وجہ سے اپنے وزراءاور سینئر حکام کو دوروں پر بھجوا دیتے ہیں اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت پورے پاکستان کی بہتری اور ترقی کیلئے سوچ رکھتے ہوئے کام کررہی ہے۔ وزیراعلی نے کہاکہ گرانی ، جعلی ادویات ، اور غیر معیاری گوشت اور اشیائے خوردنی کی فروخت کے خلاف بھی پنجاب حکومت نے اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو بس منصوبہ ترقی اور خوشحالی کے سفر کی جانب ایک قدم مزید آگے ثابت ہوگا ۔ قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کے ہمراہ سینئر اینکرپرسنز ، صحافیوں او رکالم نگاروں نے اسلام آباد سے راولپنڈی او ر راولپنڈی سے اسلام آباد تک میٹروبس کے ذرےعے سفر کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ شہباز شریف نے زمبابوے کرکٹ ٹیم کے کامیاب دورہ پاکستان پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورے کے دوران صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان، پولیس اور انتظامیہ کو بہترین سکیورٹی انتظامات پر شاباش دیتے ہوئے کہا زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ لاہور کے موقع پر شاندار انتظامات کئے گئے۔ مزید برآں شہباز شریف نے چیف ایڈیٹروپبلشر روزنامہ ”مشرق“ پشاور اور ایڈیٹر انچیف ” ڈیلی سٹیٹس مین“ پشاور سید ایاز بادشاہ کی والدہ کے انتقال پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ آئی این پی کے مطابق وزیراعلیٰ شہبازشریف سے گزشتہ روز وزیر داخلہ چودھری نثار نے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی ، امن وامان کی صورتحال ، میٹرو بس منصوبے کی تکمیل اور پنجاب میں ہونیوالے آئندہ بلدیاتی انتخابات سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پیر کو پنجاب ہاﺅس میں میٹرو بس منصوبے سے متعلق پریس کانفرنس کے بعد وزیراعلیٰ نے وزیر داخلہ چودھری نثار سے اہم ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں وزیر داخلہ نے میٹرو بس منصوبے کی تکمیل پر وزیراعلیٰ کو مبارکباد دی۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیراطلاعات و نشریات سنیٹر پرویزرشید نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)پاکستان کی ترقی وخوشحالی اور عوام کی فلاح وبہبود پر یقین رکھتی ہے، میٹرو منصوبہ موجودہ حکومت کی طر ف سے عوا م کےلئے ایک تحفہ ہے، مستقبل میں بھی مزید فلاحی منصوبوں پر کام جاری رہے گا۔ وہ پیر کو ملک بھر کے سینئر صحافیوں، کالم نگاروں، اینکر پرسنز اور فوٹو جرنلسٹس کے ہمراہ اسلاام آباد راولپنڈی میٹرو پراجیکٹ کے دورے کے دوران با ت چیت کررہے تھے۔ پرویز رشید نے کہا کہ میٹرو کا یہ منصوبہ صرف دھرنوں کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوا اگر دھرنہ نہ ہوتے تو یہ منصوبہ اپنے مقررہ وقت سے بہت پہلے مکمل ہو چکا ہوتا مسلم لیگ (ن)کی حکومت نے ہمیشہ ملک و قوم کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کے منصوبوں پر کام کیا ہے موٹر وے کے بعد میٹرو بس لاہور کا تحفہ عوام کو دیا گیا۔ انہوں نے کہا میٹروبس کےلیے کوئی قرضہ نہیں لیا گیا، پاکستان عوام کو یورپ اور ترقی یافتہ ملکوں کے برابر لانے کا عزم ہے۔
شہبازشریف










ای پیپر-دی نیشن