سرمایہ کاروں کو تحفظ، صدر نے سکیورٹیز ایکٹ 2015 پر دستخط کردیئے
اسلام آباد (آن لائن) صدر مملکت ممنون حسین نے سیکورٹیز ایکٹ 2015پر دستخط کر دیئے ہیں، سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کو تحفظ کے ساتھ سٹاک مارکیٹ میں مصنوعی تیزی کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکے گی، ایس ای سی پی کے مطابق سیکورٹیز ایکٹ بل2015 جیسے تمام شراکت داروں کے ساتھ مشاورت کے بعد سینٹ کی قائمہ کمیٹی کی سفارشات کے بعد سینٹ اور قومی اسمبلی سے منظور کیا گیا تھا سیکورٹیز ایکٹ 2015کے نافذ ہونے سے سیکورٹیز مارکیٹ اور حصص بازار کوموثر طور پر ریگولیٹ کیا جا سکے گا اور سرمایہ کاروں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ سیکورٹیز ایکٹ 2015کے نافذ ہونے سے سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج آرڈیننس 1969 کالعدم ہو گیا ہے ۔ سیکورٹیز کا نیا قانون حصص بازار میں لین دین کے جدید اور بین الاقوامی معیارات کومد نظر رکھتے ہوئے بنایا گیا ہے جبکہ 1969کے پرانے قانون، وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ پیدا ہونے والی خامیوں کو دور کر دیا گیا ہے۔ امید کی جاتی ہے نئے قانون سے حصص کے بازار میں شفافیت کو فروغ ملے گا اور مارکیٹ کی کارکردگی اور ساکھ میں اضافہ ہو گا اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا ۔ سیکورٹیز ایکٹ 2015میں آئیسکو یعنی سیکورٹیز کمیشن کی بین الاقوامی تنظیم کے اصولوںاور معیارات کا خیال رکھا گیا ہے جبکہ یہ قانون مارکیٹ میں مزید اصلاحات کرنے کی راہ بھی ہموار کرتا ہے۔ اس قانون میں مارکیٹ میں ہونے والی متوقع بے ضابطگیوں کی روک تھام کے لئے بھی موثر اقدامات شامل ہیں۔نئے قانون میں سرمایہ کاروں کے تحفظ اورممکنہ ذاتی مفادات کے ٹکراو کے خاتمہ کے پیش نظر مارکیٹ کے مختلف شرات داروں کی جانب سے ریگولیٹر کو معلومات اور ستاویز کی فراہمی کی ضروریات میں اضافہ کیا گیا ہے ۔