شہباز شریف کا راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس پراجیکٹ کا اچانک دورہ سینئر صحافیوں کے سوالات کے مدلل جواب
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے گزشتہ روز راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس پراجیکٹ کے پاک سیکرٹریٹ سٹیشن کا اچانک دورہ کیا اور پاک سیکرٹریٹ سٹیشن کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کنٹریکٹرز اور متعلقہ حکام کو فنشنگ کا کام جلد مکمل کرنے کے حوالے سے ضروری ہدایات دیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پاک سیکرٹریٹ سٹیشن کے اطراف ہارٹیکلچر اور دیگر کاموں کو 24گھنٹے میں مکمل کیا جائے اور تعمیراتی کاموں کی فنشنگ کے لئے دن رات کام کیا جائے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے سینئر اینکر پرسنز، کالم نگاروں، صحافیوں اور دانشوروں کے سوالات کے جواب انتہائی مدلل انداز میں دیئے۔ ایک سینئر صحافی کی جانب سے وزیراعلی سے پوچھا گیا کہ میٹرو بس پراجیکٹ کے حوالے سے عرصہ کے بعد آپ سے ملاقات ہو رہی ہے جس پر وزیراعلی نے برجستہ کہا کہ گزشتہ برس 6 ماہ تک دھرنے دیئے جاتے رہے اور صحافیوں نے ہمیں بھلا دیا تھا اور یہ دوسری طرف چلے گئے تھے، جس پر محفل کشت زعفران بن گئی۔ ایک اور سوال کے جواب میں وزیراعلی نے بتایا کہ راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس پراجیکٹ جیسے منصوبے امیر اور غریب کے درمیان فرق کم کرنیکی مخلصانہ کوشش ہے اور وہ لاوا جو کم وسیلہ طبقات میں پک رہا ہے یہ منصوبہ اس کا شافی علاج ہے کیونکہ باکفایت، آرام دہ اور تیز رفتار سفری سہولتوں پر حق عام آدمی کا بھی اتنا ہے جتنا اشرافیہ کا۔ ایک سینئر صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ اس طرح کے منصوبے دیگر صوبوں میں بھی لگنے چاہئے اور اگر وہ آپ کی خدمات مستعار لینا چاہیں تو آپ تیار ہیں؟ جس پر وزیراعلی نے کہا کہ مجھے خوشی ہو گی کہ میں دیگر صوبوں کی بھی خدمت کروں کیونکہ ہمارا کام ہی خدمت کرنا ہے۔