ذوالفقار مرزا کواہلیہ کا علاج کرانے کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سائوتھ نے سابق وزیرداخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کی ضمانت میں غیر معینہ مدت تک توسیع کر دی اور انہیں علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی۔ درخواست گزار ذوالفقار مرزا نے عدالت سے گزارش کی تھی کہ علاج کیلئے اہلیہ کے ہمراہ بیرون ملک جانا چاہتا ہوں۔ ڈاکٹر نے فہمیدہ مرزا کا علاج بیرون ملک تجویز کر رکھا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے ڈاکٹر کا تجویزی خط بھی عدالت میں پیش کیا جس پر عدالت نے انہیں ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی۔ ذوالفقار مرزا نے یقین دہانی کرائی کہ وہ اہلیہ کا علاج کرانے کے بعد وطن واپس ضرور آئیں گے۔ واضح رہے کہ ذوالفقار کیخلاف آرام باغ تھانے میں مقدمہ درج ہے۔ عدالت نے 3 مقدمات کے مدعی اور سپیشل پراسیکیوٹر کو 10 جون کیلئے نوٹس جاری کردیا۔