ماریشس میں پہلی مرتبہ خاتون صدر نامزد
پورٹ لوئس (اے ایف پی) ماریشس کی حکومت نے امینہ جریب فاکم کو نئے صدر کے طور پر نامزد کر دیا ہے جس کے بعد وہ ملک کی پہلی خاتون صدر بن جائیں گی۔ عالمی شہرت یافتہ سائنسدان اور بائیولوجسٹ فاکم کی صدر کے طور پر تقرری کی منظوری پارلیمنٹ جمعہ کو دے گی۔ اپوزیشن کی جانب سے ان کی حمایت کے اعلان کے بعد پارلیمنٹ میں ووٹنگ کی حیثیت ضابطے کی کارروائی کے طور پر باقی رہ گئی ہے۔ 56 سالہ فاکم 1968ء میں برطانیہ سے آزادی حاصل کرنے والے اس جزیرے میں پہلی مرتبہ کوئی خاتون صدر منتخب ہو گی۔ اس سے قبل اس ملک کے صدر کہلاش پریاگ تھے جو 2012ء سے اس عہدے پر تھے اور لیبر پارٹی کی سابق حکومت نے انہیں نامزد کیا تھا۔