• news

منی لانڈرنگ کیس: ماڈل ایان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15جون تک توسیع

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)راولپنڈی کی کسٹم عدالت کے جج رانا آفتاب احمد نے منی لا نڈرنگ کیس میں گرفتار ماڈل ایان علی کے جو ڈیشل ریمانڈ میں 15جون تک تو سیع کر دی جبکہ ایان علی کی درخواست ضمانت اور کرنسی سمگلنگ کیس کی سماعت آج (منگل) تک ملتوی کر دی گئی ،کسٹم حکام نے ماڈل گرل ایان علی کو دوماہ بعد کسٹم عدالت کے جج رانا آفتاب احمد کی عدالت میں پیش کیا دوران سماعت کسٹم حکام نے بتایا کہ ایان علی کے خلاف حتمی چالان ابھی تیار نہیں ہوا اس پر عدالت کے جج نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر کیس کا حتمی چالان پیش کیا جائے ۔ آفتاب احمد کا کہنا تھا کہ حتمی چالان پیش نہ ہونے کی وجہ سے کیس التوا کا شکار ہے اس لیے آئندہ سماعت پر کیس کا حتمی چالان پیش کیا جائے۔ اس موقع پر ایان علی کی جانب سے درخواست ضمانت پیش کی گئی ، جس پر سماعت آج منگل کو کی جائیگی ۔ سماعت کے دوران ایان علی کی جانب سے سابق گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ بطور وکیل پیش ہوئے۔جس پر جج نے ان سے استفسار کیا کہ ایان علی کی طرف سے کیس میں خرم لطیف کھوسہ پیش ہورہے ہیں تو کیا آپ اپنے بیٹے کی معاونت کیلئے عدالت میں پیش ہوئے ہیں؟ سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ میں کیس میں پیش ہوکر دلائل دینا چاہتا ہوں۔سماعت کے آخر میں ایان علی کی ان کے وکلاء سے 15منٹ کیلئے ملاقات کرائی گئی ،ملاقات کے دوران میڈیا اور دیگر افراد کو عدالت سے باہر نکال دیا گیا۔دوسری طرف ماڈل ایان علی کیخلاف منی لانڈرنگ کیس میں ایک ڈرامائی پیشرفت ہوئی ہے۔ پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور سابق گورنر سردار لطیف کھوسہ ایان علی کی طرف سے بطور وکیل پیش ہوئے۔ ذرائع کے مطابق سردار لطیف کھوسہ کوکیس کی پیروی کے احکامات پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی طرف سے دیئے گئے۔ ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت ماڈل ایان علی کیس کے حوالے سے سخت پریشانی کا شکار تھی۔ اس حوالے سے پارٹی کے اعلیٰ سطح پرکئی اجلاس بھی ہوچکے ہیں جس کے بعد ماڈل ایان علی کیس کی پیروی کرنے کی ذمہ داری سردار لطیف کھوسہ کو دی گئی۔ اس حوالے سے سردار لطیف کھوسہ نے رابطہ پر کہاکہ اس کیس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں یہ خبرغلط ہے کہ اس حوالے سے پارٹی کا کوئی اجلاس ہوا، میں پروفیشنل وکیل ہوں۔ اس کیس کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن