طویل لوڈ شیڈنگ جاری، لوگ پریشان، کاروبار بند، گوجرانوالہ میں دورانیہ16 گھنٹے سے تجاوز کر گیا
لاہور (نامہ نگاران+نمائندہ خصوصی) بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جس کے باعث لوگ پریشان رہے جبکہ کاروبار بھی ٹھپ ہوکر رہ گئے۔ بدترین لوڈشیڈنگ پر لوگ سراپا احتجاج بنے رہے جبکہ کئی علاقوں میں پانی کی بھی شدید قلت رہی اور لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔گوجرانوالہ میں بھی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری تاہم ڈیمانڈ کے باعث لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں کمی نہ ہوسکی بیشتر علاقوں میں پانی کی بھی شدید قلت رہی، شہری علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ دس سے 12 جبکہ گردو نواح میں دورانیہ 16 گھنٹے سے تجاوز کر گیا۔ مزدور طبقہ فاقہ کشی کی نوبت تک پہنچ گیا۔وہاڑی تاجر برادری بجلی کی لوڈشیڈنگ سے شدید پریشان رہے۔ تاجروں اور شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے فی الفور بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے۔ عارف والا میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 20 گھنٹے سے تجاوز کرگیا۔ بجلی کاروبار زندگی معطل ہوکر رہ گیا۔