98ء کے صدارتی انتخابات میں بیلٹ پیپرز پر پاکستان مخالف نعرہ درج کرنے والے رکن اسمبلی کیخلاف کارروائی کیلئے درخواست
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے 1998ء کے صدارتی انتخابات میں بیلٹ پیپر پر پاکستان مخالف نعرہ درج کرنے والے رکن اسمبلی کے خلاف کارروائی کے لئے دائر درخواست پر ڈپٹی اٹارنی جنرل کو معاونت کے لئے طلب کر لیا۔ عدالت کے روبرو درخواست گزار سید اقتدار حیدر نے موقف اختیار کیا کہ 1998ء کے صدارتی انتخابات میں اس وقت کے ایک رکن اسمبلی نے بیلٹ پیپر پر پاکستان مخالف نعرہ درج کیا۔ اس وقت کے وزیر اعظم میاں نواز شریف نے معاملہ منظر عام پر آنے کے بعد سخت نوٹس لیتے ہوئے پاکستان مخالف نعرہ درج کرنے والے رکن اسمبلی کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی تھی مگر اسکے باوجود اس رکن کے خلاف آج تک کارروائی نہیں کی جا سکی۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت پاکستان مخالف نعرہ درج کرنے والے رکن کے خلاف کارروائی کا حکم دے جس پر عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے عدالتی معاونت کے لئے طلب کر لیا۔