خیبر پی کے بلدیاتی الیکشن میں تشدد، خواتین کو ووٹ سے روکنا قابل مذمت ہے، ہیومن رائٹس واچ
لاہور(پ ر) ہیومن رائٹس واچ آف پاکستان نے خیبر پی کے میں بلدیاتی الیکشن کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس دوران خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکے جانے اور ہونے والے لڑائی جھگڑوں کی شدید مذمت کی ہے، پیر کے روز جاری اپنے بیان میں کمشن نے کہا اگرچہ کئی علاقوں میں خواتین کو ووٹ کے حق سے محروم رکھے جانے کی اطلاعات سامنے آئیں تاہم بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کو خوش آمدید کہا جاتا ہے تاہم ووٹنگ کے دوران درجن کے قریب افراد کے قتل، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے سول اداروں کی جانب سے امن برقرار رکھنے میں ناکامی کی شدید مذمت کی اور جاں بحق ہونیوالے افراد کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا، عورتوں کے انتہائی کم ٹرن آئوٹ سے واضح ہوگیا کہ خیبر پی کے میں خواتین کو ووٹ ڈالنے کی آزادی نہیں ہے۔ کمشن نے کہا کہ کئی مقامات پر پہلے سے منصوبہ بندی کے تحت تشدد کو ہوا دی گئی جس کامقصد ووٹرز کو خوفزدہ کرنا تھا، پولیس کی موجودگی میں بیلٹ باکسز اور بیلٹ پیپرز اٹھا کر لے جانے کے واقعات بھی بڑی تعداد میں رپورٹ ہوئے ہیں، کچھ مقامات پر پولنگ سٹاف اور پولیس غیر جانبدار نہیں تھی، مخصوص پولنگ سٹیشنز پر غیر متعلقہ افراد کی جانب سے مہریں لگانے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔