• news

تابعدار اپوزیشن کی وجہ سے حکومت عوام پر ظلم کر رہی ہے: طاہر القادری

لاہور (خصوصی نامہ نگار) عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے ٹورانٹو سے ٹیلیفون پر سنٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماڈل ٹائون کے قاتلوں کو ایک دن قانون اور عوام کی عدالت میں جھکنا پڑے گا۔ یہ بے گناہوں کا خون ہے رائیگاں نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے نام پر ملک میں مک مکا کا نظام رائج ہے۔ قومی اسمبلی کی تابعدار اپوزیشن کی وجہ سے وفاقی حکومت عوام پر ظلم اور من مانے فیصلے کر رہی ہے۔ حکمرانوں نے جے آئی ٹی سے من پسند رپورٹ پر دستخط کروا کر اور پٹرول، ڈیزل مہنگا کرکے بتا دیا کہ اس پر اپوزیشن کا کوئی دبائو ہے اور نہ عوام کی کوئی پرواہ، انہوں نے بول ٹی وی چینل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایگزیکٹ کمپنی کے معاملے میں قانون کے مطابق ڈیل کیا جائے تاہم بول کے صحافی کارکنوں کے روزگار کا تحفظ ضروری ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ فوج دہشتگردوں کے خلاف سنجیدہ کارروائیاں کررہی ہے تاہم حکومت کا کردار آج بھی منافقانہ ہے۔ فوج کے آپریشن کے باعث جیسے ہی دہشت گرد اپنے بلوں میں گھستے ہیں حکومت قومی ایکشن پلان کو پس پشت ڈال کر میگا پراجیکٹ کی آڑ میں ٹھیکیداری شروع کر دیتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن