• news

کرپشن الزامات‘ فیفا کے نومنتخب صدر سیپ بلاٹر مستعفی

زیورخ (نوائے وقت رپورٹ) کرپشن سکینڈل پر فیفا کے صدر سیپ بلاٹر نے استعفیٰ دیدیا۔ سیپ بلاٹر کے خلاف حال ہی میں کرپشن سکینڈل سامنے آیا تھا۔ سیپ بلاٹر نے کہا ہے کہ وہ موجودہ صورتحال میں اپنی صدارت جاری نہیں رکھ سکتا، دوبارہ انتخابات ہونگے۔ فیفا میری زندگی ہے اسے بچانے کیلئے مستعفی ہوا ہوں۔ سیپ بلاٹر نے اگلے صدر کے انتخابات تک صدارت جاری رکھنے کا فیصلہ کر لیا۔ سیپ بلاٹر نے 4 دن پہلے ہی پانچویں بار فیفا کے صدر کا عہدہ سنبھالا تھا۔ سیپ بلاٹر نے کہا کہ چالیس سال تک فیفا میں خدمات سرانجام دی ہیں اور فٹ بال کے کھیل کو بلندی تک پہنچایا۔ اب مجھے دوبارہ الیکشن پر مجبور کیا گیا ہے۔ میرے خیال میں تنظیم کیلئے یہ سب سے بہتر ہے لیکن چیلنجز ابھی ختم نہیں ہوئے۔ فیفا کو اوورہالنگ کی ضرورت ہے۔ میرے خیال میں مجھے فٹ بال کی پوری دنیا سے مینڈیٹ نہیں ملا۔ شائقین، مداحوں، کلبوں، کھلاڑیوں اور وہ لوگ جو فٹبال ہی کیلئے سانس لیتے ہیں اور کھیل سے محبت کرتے ہیں شاید سب میرے ساتھ نہیں اسی لئے فیصلہ کیا ہے کہ کانگریس سے اعلیٰ قسم کا مینڈیٹ حاصل کرنے کیلئے دوبارہ الیکشن کرایا جائے۔ نئے انتخابات تک صدر کی حیثیت سے کام جاری رکھوں گا۔ آئندہ فیفا کانگریس کا اجلاس 31 مئی 2016ء میں میکسیکو میں ہو گا۔ شاید یہ بہت دور ہے۔ کانگریس سے کہوں گا کہ وہ اس سے قبل اجلاس کا بندوبست کرے اور میرے پیشرو کا انتخاب کرے۔ میں الیکشن میں حصہ نہیں لوں گا۔ اتنا وقت ضرور ہونا چاہئے کہ اچھے امیدوار کو چُن سکیں۔ ہمیں فیفا میں بنیادی اصلاحات اور تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔ میں تبدیلیوں کیلئے بہت لڑا ہوں، سب جانتے ہیں میرے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں مگر میں پھر بھی کامیاب ہوا۔ سب کچھ میں اکیلے نہیں کر سکتا۔ میرا آڈٹ کیا جا سکتا ہے۔ جن لوگوں نے انتخابات میں میرا ساتھ دیا، ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ سب سے بڑھ کر فٹبال میں فاتح ہونا چاہئے۔

ای پیپر-دی نیشن