ایران سے ایک ہزار میگا واٹ بجلی درآمد کی جائے گی، نیپرا نے منظوری دیدی
اسلام آباد(راجہ عابدپرویز/خبرنگار) نیپرا نے ایران سے 1ہزار میگاواٹ بجلی درآمد کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ پاکستان ایران سے 8تا11سینٹ فی یونٹ بجلی خریدے گا۔ معاھدے میں ہرتین سال نظرثانی کی جائے گی۔ درآمدی بجلی کے لئے70کروڑ ڈالر کی لاگت سے 7سوکلومیٹر طویل ٹرانسمیشن لائن تعمیر کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی ایرانی کمپنی طاوانیرسے 8تا11سینٹ فی یونٹ بجلی خریدے گی، این ٹی ڈی سی کی درخواست پر ٹیرف فارمولے کی بھِی منظوری دیدی گئی ہے۔ایران سے بجلی خریداری کا منصوبہ چارسالوں میں مکمل ہوگا۔ این ٹی ڈی سی نے نیپرا کو آگاہ کیا ہے کہ ایران نے مزید 3ہزارمیگاواٹ بجلی پاکستان کو فروخت کرنے کی پیشکش کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران سے بجلی سپلائی شروع ہونے سے ملک میں جاری توانائی بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ ایران سے درآمد کردہ بجلی کوئٹہ کے ذریعے بلوچستان بھر میں ترسیل کی جائے گی۔