نعروں سے پیٹ نہیں بھرتے، آئندہ بجٹ عوامی ہوگا: عبدالمالک بلوچ
اسلام آباد (آن لائن+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کیخلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ آئندہ بجٹ عوامی بجٹ ہوگا۔ پہلے کے بلوچستان اور اب کے بلوچستان میں فرق ہے۔ صوبے میں جرائم کی شرح میں واضح کمی آئی ہے۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی حکومت صحت اور تعلیم کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، سکول بھرو تحریک شروع کی۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کیلئے مہم چلائی گئی اور بڑی مقدار میں بچوں کو قطرے پلائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔ نعرے بازی سے لوگوں کے پیٹ نہیں بھرتے بلوچستان میں جرائم کی شرح میں واضح کمی ہے امن وامان کا قیام ہماری اوّلین ترجیح ہے۔ بلوچستان میں کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ انہوں نے کہا کہ مری معاہدہ کے تحت اڑھائی سال بعد مسلم لیگ (ن) کا وزیراعلی ٰ ہوگا۔ ہماری اکثریت نہیں تھی لیکن وزیراعظم میاں نوازشریف نے ہم پر اعتماد کا اظہار کیا۔ وزیراعلی عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ اے پی سی میں بنیادی فیصلے ہوئے ہیں کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ امن و امان کی صورتحال بہتر بنائیں گے، پاک چائنہ کاریڈور تعمیر کیا جائیگا۔ بلوچوں کی ناراضگیاں دور کی جائیں گی۔ اے پی سی سے پہلے ہماری ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے شرکت کی۔ بھارتی وزیراعظم نے کہا ہے کہ ہم کاریڈور کو نہیں مانتے اس سے بھارت کی نیت واضح ہے۔ اداروں کی رائے ہے کہ سازشوں میں را ملوث ہے۔ کوئی بھی ملوث ہو ہمیں اپنی اندرونی سکیورٹی مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی مزید سازشیں ہونے کا امکان ہے جنہیں ناکام بنانا ہوگا۔