• news

علی امین گنڈاپور کی گرفتاری ٹوپی ڈرامہ ہے: رانا ثناء اللہ

لاہور (خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن نے خیبر پی کے میں پولیس ریفارمز کا بھانڈا پھوڑ دیا۔ پی ٹی آئی نے اپنی پولیس کی مدد سے صوبہ بھر کے طول و عرض میں بدترین دھاندلی کی۔ رانا ثناء اللہ نے ایک بیان میں کہا کہ صوبائی وزیر علی امین گنڈاپور کی گرفتاری ٹوپی ڈرامہ کے سوا کچھ نہیں۔ علی امین گنڈاپور کے ساتھ حوالات میں وی آئی پی سلوک کیا جارہا ہے۔ علی امین کو ہیرو بناکر ایک وزیر کے طور پر عدالت میں پیش کیا گیا۔ یہ ڈرامہ میاں افتخار کی غیر قانونی حراست کی خفت مٹانے کے لئے رچایا گیا۔ بلدیاتی انتخابات میں قانون کی دھجیاں اڑائی گئیں۔ انصاف کے دعویداروں کے اصولوں کا پول کھل گیا۔ تبدیلی کے دعویدار عمران خان علی امین گنڈاپور سے استعفیٰ کیوں نہیں لے رہے؟۔ مجھ پر صرف الزام لگایا گیا اور میں نے استعفیٰ دے کر عام آدمی کی طرح قانون کا سامنا کیا۔ علی امین گنڈاپور نے الزام ثابت ہونے کے باوجود استعفیٰ نہیں دیا۔ یہ تحریک انصاف کی قیادت کے دوہرے معیار کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن