• news

پاکستان کو فوج سعودی عرب بھیجنی چاہئے تھی: جنرل (ر) احسان الحق

اسلام آباد ( آئی این پی ) سابق چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی اور آئی ایس آئی کے ڈی جی جنرل (ر) احسان الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کو سعودی عرب کے درمیان سٹرٹیجک تعلقات کو مد نظر رکھتے ہوئے فوج سعودی عرب بھیجنا چاہیے تھی، اگر پاکستان کی فوج وہاں موجود ہوتی تو تمام خلیجی ریاستوں کو یہ احساس ہوتا کہ پاکستان ہمارے ساتھ ہے، ایران اور سعودی عرب کے تعلقات میں بہتری کی کوششیں ہونی چاہئیں، افغانستان کے ساتھ تعلقات میں بہتری خوش آئند ہے، سابق افغان صدر حامد کرزئی کے ان الزامات میں کوئی صداقت نہیں کہ پاکستان نے مشرف دور میں طالبان کے معاملے میں ڈبل گیم کی، اسامہ بن لادن کے خلاف آپریشن کے بعد مجھے ذاتی طور پر بہت شرمندگی ہوئی تاہم یہ واضح کردینا چاہتا ہوں کہ پاکستان کی فوج اور آئی ایس آئی کو اس بات کا قطعاً علم نہیں تھا۔ نجی ٹیلی ویژن کو دیئے گئے انٹرویو میں جنرل (ر) احسان الحق نے کہا کہ ہم سعودی عرب کیلئے فوج بھیج سکتے تھے لیکن اکثر لوگوں نے سمجھا کہ اگر فوج بھیجی تو وہ یمن میں داخل ہو جائے گی، کچھ لوگوں نے سمجھا کہ اگر فوج بھیجی تو شیعہ سنی فسادات شروع ہو جائیں گے لیکن یہ فسادات تو گزشتہ 30 سالوں سے جاری ہیں۔ اگر خلیجی ممالک میں مزید حالات خراب ہوتے ہیں تو وہاں پر موجود 20 لاکھ کے قریب پاکستانی واپس آئیں گے جس سے بہت نقصان ہوگا۔ اب ہمیں سعودی عرب اور خلیجی ممالک سے تعلقات مضبوط کرنے کیلئے مل بیٹھ کر سمجھوتہ کرنا چاہیے۔ ہم کبھی بھی افغانستان میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کی نہ ہی کبھی ڈبل گیم کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن