چیئرمین ایس ای سی پی کی تعیناتی کیخلاف درخواست پر سیکرٹری خزانہ کو نوٹس جاری
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمشن (ایس ای سی پی) کے چیئرمین ظفرالحق حجازی کی تعیناتی کے خلاف دائر درخواست پر سیکرٹری خزانہ اور چیئرمین ایس ای سی پی کو نوٹس جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا ہے۔ نسیم اقبال کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی تو درخواست گزار کی وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ظفر الحق حجازی دو مرتبہ کمشنر رہ چکے ہیں اس لئے ان کی بطور چیئرمین تقرری خلاف قانون ہے۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ظفر الحق حجازی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے دوست ہیں لہذا فریقین سے پوچھا جائے کہ دو مرتبہ کمشنر ایس ای سی پی کے عہدے پر رہنے کے باوجود انہیں کس قانون کے تحت چیئرمین تعینات کیا گیا ہے۔