غلط انجکشن سے پالتو بلے کی ہلاکت پر ڈاکٹر کیخلاف مقدمہ کی درخواست، ایس ایچ او سے جواب طلب
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے مبینہ طور پر غلط انجکشن لگانے سے پالتو بلے کی ہلاکت کے خلاف ویٹرنری ڈاکٹر پر مقدمہ درج کرنے کے لئے دائر درخواست پر تھانہ نواب ٹائون کے ایس ایچ او سے جواب طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جیمز جوزف نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار پنجاب یونیورسٹی کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عطیہ منصور نے عبد الرشید قریشی ایڈووکیٹ کے توسط سے فاضل عدالت کو بتایا کہ وہ اپنے پالتو بلے کے بیمار ہونے پر اسے ویٹرنری ڈاکٹر اویس کے پاس لے کر گئیں۔ ڈاکٹر نے اسے غلط انجکشن لگا دیا جس سے بلا ہلاک ہوگیا۔ لٰہذا ڈاکٹر کے خلاف سیکشن429کے تحت کارروائی کا حکم دیا جائے۔ فاضل عدالت نے متعلقہ ایس ایچ او کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے 17 جون کو جواب طلب کر لیا۔