ڈاکوئوں کی فائرنگ‘ 2 بھائی اور کانسٹیبل شدید زخمی‘ اچھرہ میں سوا 2 کروڑ کے زیورات چوری
لاہور+ فیروزوالا+ پھولنگر (نامہ نگار+ نمائندگان) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا جبکہ مزاحمت پر کانسٹیبل اور دو بھائیوں کو فائرنگ کر کے شدید زخمی کردیا۔ تفصیلات کے مطابق نشتر کالونی میں فیروز پور روڈ یوحنا آباد سٹاپ کے قریب دو ڈاکوئوں نے دو بھائیوں اسد علی اور عظیم علی سے10 لاکھ 45ہزارروپے رقم لوٹنے کے بعد مزاحمت پر فائرنگ کرکے شدید زخمی کر دیا۔ جنہیں جنرل ہسپتال داخل کرا دیا گیا جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ دونوں بھائی چھانگا مانگا کے رہائشی ہیں اور مال روڈ پر دوکان سے غیر ملکی کرنسی تبدیل کرا کر واپس جا رہے تھے۔ اچھرہ کے علاقہ شاہ جمال روڈ پر قمر حیات کے گھر سے سوا دوکروڑ روپے مالیت کے ساڑھے چار سو تولے زیورات چوری ہو گئے۔ ڈاکوؤں نے سٹی رائیونڈ میں عمر سے 6لاکھ،ساندہ میں مختار اور اسکی فیملی سے چار لاکھ،کاہنہ میں قربان سے دولاکھ اور موٹرسائیکل،جوہرٹائون میں شریف اور اسکی فیملی سے اڑھائی لاکھ،نواب ٹائون میں ذوالفقار سے ایک لاکھ ساٹھ ہزار، نواں کوٹ میں ظفر اور اسکی فیملی سے ایک لاکھ 60ہزار، ڈیفنس اے میں فہیم سے ایک لاکھ،فیکٹری ایریا میں عثمان سے ایک لاکھ اور مو ٹرسائیکل، مناواں میں ناصر سے 70ہزار ،گوالمنڈی میں واقع رشید کی دکان سے 48ہزار، سمن آباد میں واقع عاشق کے میڈیکل سٹور سے 30ہزاراور کوٹ لکھپت میں واقع نوید کی دکان سے 30ہزار اور موبائل فون لوٹ لئے۔ اقبال ٹائون میں ایف آئی اے اہلکار بن کر چار کار سوار افراد نے غلام مصطفی نامی شہری کو اغوا کیا اور مختلف اے ٹی ایم مشینوں پر لیجا کر 50ہزار نقدی نکلوئے اور اسے فاروق ہسپتال کے قریب پھینک کر چلے گئے۔ ادھر جوہر ٹائون کے جگاور چوک میں لوٹ مار کرنیولاے ڈاکوئوں نے پولیس کو آتا دیکھ کر فائرنگ کر دی جس سے کانسٹیبل عمران شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ڈاکو بھی زخمی ہوا جسے اسکا ساتھی موٹر سائیکل پر ساتھ بٹھاکر فرار ہو گیا۔ علاوہ ازیں کالاشاہ کاکو میں ڈاکوئوں نے ڈاکٹر عبداللہ نیاز کے گھر میں گھس کر 3لاکھ کی نقدی زیورات اور موبائل فون چھین لیا۔