غیرقانونی اثاثہ جات کیس:آصف زرداری کے وکیل کو جرح کیلئے 12 جون تک مہلت
راولپنڈی (نوائے وقت نیوز)راولپنڈی کی احتساب عدالت نے غیر قانونی اثاثہ جات ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک کو جرح کیلئے بارہ جون تک کا وقت دے دیا۔گزشتہ روز احتساب عدالت کے جج خالد محمود رانجھا نے آصف علی زرداری کیخلاف غیر قانونی اثاثہ جات ریفرنس کیس کی سماعت کی۔ زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے عدالت پیش ہوکرموقف اختیار کیا کہ مقدمے کے ریکارڈ کا جائزہ نہیں لے سکا ، جرح کیلئے وقت دیا جائے ، عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت بارہ جون تک ملتوی کر دی۔ گزشتہ روز ایف آئی اے کے ملازم بشارت شہزاد اور دیگر دو گواہان شہزاد اکبر اور مرزا جاوید پر جرح ہونا تھی۔ آئی این پی کے مطابق عدالت نے گواہ طلبی کے سمن جاری کردئیے ہیں، آئندہ سماعت پر استغاثہ کے گواہ پر جرح کی جائیگی۔ ادھر عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں فاروق ایچ نائیک نے کہا ہے کہ استغاثہ کے گواہان پر جرح کے بعد آصف زرداری کی بریت کی درخواست پر بحث کرینگے۔ بریت کی درخواست میں اتفاق فاؤنڈری ریفرنس کے فیصلے کا حوالہ بھی دینگے۔