• news

ڈرون حملہ کیس: اسلام آباد ہائیکورٹ کا مقدمہ کی تفتیش فاٹا منتقل کرنے پر وفاق کو نوٹس

اسلام آباد (آن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈرون حملوں کے الزام میں امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے سابق چیف سمیت دیگر افراد کے خلاف درج مقدمہ کی تفتیش فاٹا منتقل کرنے بارے دائر کیس میں وفاق کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تمام ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔ منگل کے روز جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل سنگل بنچ کی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی۔ درخواست  گزار کریم خان کے وکیل شہزاد اکبر نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ عدالتی احکامات کے بعد ڈرون حملوں میں ہلاکتوں کے الزام میں سابق سی آئی اے سٹیشن چیف اور دیگر ایڈوائز پر تھانہ سیکرٹریٹ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا تاہم پولیس کی لیگل برانچ نے مذکورہ مقدمہ کی تفتیش فاٹا بھیجنے کی ہدایت دی ہیں جو فریقین کی بدنیتی کو ظاہر کرتی ہیں۔ کیونکہ ایف آئی آر اسلام آباد میں درج ہوئی تو تفتیش بھی ادھر ہی ہونی چاہئے۔ اس پر ڈپٹی اٹارنی جنرل حسنین ابراہیم کاظمی نے کہا کہ واقعہ فاٹا میں ہوا تھا۔ ابھی تک وفاق کو جواب داخل کرانے کے لئے کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا۔ کوشش کر رہے ہیں کہ تفتیش اسی علاقے میں منتقل ہو جائے جہاں واقعہ ہوا تھا۔ اس پر عدالت نے وفاق سے تمام ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت 25 جون تک ملتوی کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن