پاکستان‘ چین نے خطے میں امن کو فروغ دیا‘ بھارت سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں : نوازشریف
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+آئی این پی) وزیراعظم محمد نوازشریف کی صدارت میں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں بجلی اور پٹرولیم خصوصاً رمضان المبارک کے دوران رسد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ دریں اثناءوزیراعظم سے بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر اور پاکستان چین تھنک ٹینک کے وفد نے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی ہموار انداز میں رسد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی رمضان المبارک میں کم سے کم لوڈشیڈنگ کی جائے، لوڈشیڈنگ شہری علاقوں میں 6 گھنٹے اور دیہی علاقوں میں 8 گھنٹے سے نہیں بڑھنی چاہئے اور سحروافطار میں لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔ اجلاس میں پٹرولیم، خزانہ، پانی، بجلی، اطلاعات کے وفاقی وزراء، ایم ڈی پی ایس او اور دوسرے سرکاری افسروں نے شرکت کی۔ بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط نے وزیراعظم محمد نوازشریف سے ملاقات کرکے بعض حالیہ واقعات کے تناظر میں پاکستان بھارت تعلقات کی صورتحال کے بارے میں بتایا۔ وزیراعظم نے کہا پاکستان مساویانہ خودمختاری‘ باہمی احترام اور مفاد کی بنیاد پر بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔ وزیراعظم نے حالیہ بھارتی بیانات پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ امن کے قیام کیلئے تمام ممالک کو کردار ادا کرنا چاہئے ۔ دریں اثناء پاکستان میں تھنک ٹینک کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان اور چین کو آئرن برادر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک اپنے عوام کے روشن مستقبل کےلئے تمام شعبوں میں تعاون کر رہے ہیں،پاکستان اور چین خطے میں امن کو فروغ دے رہے ہیں۔ وزیراعظم نے تھنک ٹینک کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اقتصادی راہداری چینی صدر شی چن پنگ کے ”ایک سڑک، ایک خطہ“ وژن کا اہم جزو ہے، چینی صدر کے دورے میں پچاس سے زائد سمجھوتوں پر دستخط ہوئے، سمجھوتوں سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط بنانے کا تاریخی موقع ملا ہے۔ دونوں ممالک اپنے عوام کے روشن مستقبل کےلئے تمام شعبوں میں تعاون کر رہے ہیں۔ علاقائی امن کے فروغ اور عوام کے بہتر مستقبل کا وژن مشترکہ ہے۔ تھنک ٹینک نے اقتصادی راہداری منصوبے پر تمام سیاسی جماعتوں میں اتفاق رائے پیدا کرنے پر وزیراعظم نواز شریف کو مبارکباد دی۔ تھنک ٹینک نے وزیراعظم نواز شریف کو کرامے شہر میں خصوصی اقتصادی زون کے دورے کی دعوت بھی دی۔وزیراعظم نوازشریف سے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ملاقات کرکے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس اور بجٹ اجلاس سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔
نوازشریف