• news

اسلام آباد: پولیس نے ایپکا کا دھرنا ختم کرا دیا، لاٹھی چارج، کئی زخمی، 70 گرفتار

اسلام آباد + لاہور + حافظ آباد (نیوز ڈیسک + سپیشل رپورٹر + نمائندہ نوائے وقت) میٹرو بس منصوبے کی افتتاحی تقریب کے موقع پر سکیورٹی خدشات کے پیش نظر اسلام آباد پولیس نے ریڈ زون میں اساتذہ وکلرکوں ، واپڈا ملازمین کا دھرنا ختم کرا دیا جبکہ مزاحمت پر ایپکا کے عہدیداروں سمیت 70 مظاہرین کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کردیا ، کار سرکار میں مداخلت ، ریڈ زون میں احتجاج کرنے پر 500 ملازمین کیخلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا، لاٹھی چارج اور مزاحمت کے دوران ہاتھا پائی سے کئی افراد زخمی بھی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو وفاقی اداروں کے کلرکوں نے تنخواہوں میں سو فیصد اضافے کیلئے پانچ روز سے احتجاجی دھرنا دے رکھا ہے تاہم میٹرو بس منصوبے کی افتتاحی تقریب کے دوران سکیورٹی خدشات کے پیش نظر اسلام آباد پولیس نے کلرکوں کا 5 روز سے جاری والا دھرنا ختم کرا دیا۔ پولیس کے دھرنا ختم کرانے کے موقع پر مظاہرین اور پولیس اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئیں اور ملازمین نے مزاحمت بھی کی۔ ہاتھا پائی میں کئی ملازمین زخمی بھی ہوئے۔ مظاہرین نے قومی اسمبلی کے احاطے میں داخل ہونے کی کوشش کی جس پر پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کر کے انہیں منتشر کر دیا۔ گرفتار ہونے والے مظاہرین ایپکا کے صدر حاجی ارشاد نے کہا ایڈہاک ریلیف کو بیسک پے میں ضم کرنے، اوور ٹائم اسکیل کی منظوری، ہائوس رینٹ کی بحالی اور میڈیکل الائونس میں 100فیصد اضافہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کو مدنظر رکھتے ہوئے ہماری تنخواہوں میں بھی 100 فیصد اضافہ کیا جائے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق اسلام آباد پولیس نے ایپکا حافظ آباد کے رہنمائوں عبدالمجید گجر، شاہد اقبال چیمہ اور سلمان غنی کو حراست میں لیا اور تھانے میں بند کر دیا۔ ایپکا رہنمائوں نے ساتھیوں کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے ادھر لاہور میں ایپکا پنجاب کے رہنمائوں نے اسلام آباد میں پولیس کے کلرکوں پر بدترین تشدد اور ساتھیوں کی گرفتاری کیخلاف آج صوبہ بھر میں دفاتر کی تالہ بندی اور قلم چھوڑ ہڑتال کا اعلان کردیا۔ اسلام آباد کے تھانے میں بند قائدین محمد اسلم خان، حاجی محمد ارشاد چودھری نے جائز مطالبات کی منظور کیلئے تادم مرگ بھوک ہڑتال شروع کر دی۔ لاہور میں ایپکا رہنمائوں نے حکومت کے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا حکومت مہنگائی کے حساب سے تنخواہوں میں اضافے سمیت جائز مطالبات تسلیم کرے اور قائدین کو فی الفور رہا کیا جائے۔ سول سیکرٹریٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری غلام غوث نے اسلام آباد میں کلرکوں پرتشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین خوفناک مہنگائی کے باعث خودکشیوں پر مجبور ہیں مگر حکومت مطالبات تسلیم کرنے میں ٹس سے مس نہیں ہو رہی۔

ای پیپر-دی نیشن