لاہور ہائیکورٹ کا آئی جی جیل خانہ جات اورسپرنٹنڈنٹ اڈیالہ کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم
راولپنڈی (آن لائن)لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ نے آئی جی جیل خانہ جات پنجاب اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دیدیا ہے ،پولیس نے عدالتی حکم پر مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی ۔تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں آئی جی جیل خانہ جات آفس کے ملازم ناظم شاہ کی درخواست پر کیس کی سماعت ہوئی ،عدالت کے جج جسٹس ارشد محمود تبسم نے کیس کی سماعت کی ۔درخواست گزار ناظم شاہ نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ کرپشن بے نقاب کرنے کے جرم میں آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل ملک مشتاق نے اسے جان سے مارنے کی کوشش کی ان دونوں افسران کیخلاف تھانہ صدر بیرونی میں مقدمہ کیلئے درخواست دی تاہم پولیس نے میری درخواست پر مقدمہ درج کیا ہے اور نہ ہی میری کوئی شنوائی ہوئی ہے جس کے بعد میں نے انصاف کیلئے عدالت سے رجوع کیا ہے،درخواست گزار نے عدالت سے مزید استدعا کی کہ ان دونوں افسران کے خلاف مقدمہ در ج کر کے کارروائی کی جائے اور مجھے تحفظ فراہم کیا جائے ۔عدالت کے جج جسٹس ارشد محمود تبسم نے پولیس کو آئی جی جیل خانہ جات اور اڈیالہ جیل کے سپریڈنٹ کے خلاف مقدمہ درج اور کارروائی کرنے کا حکم دیدیا،پولیس نے عدالتی حکم پر تھانہ صدر بیرونی میں آئی جی جیل خانہ جات اور سپریڈنٹ اڈیالہ جیل کیخلاف مقدمہ نمبر394 زیر دفعہ324 اقدام قتل کے تحت مقدمہ درج کر کے دونوں افسران کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے ۔