• news

نوازشریف کی تاحیات نااہلی کا کیس، فیصلے کے اجرا کے طریقہ کار پر نظرثانی درخواست مسترد

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے میاں نوازشریف کو تاحیات نااہل قرار دینے کے کیس کے فیصلے کے اجرا کے طریقہ کار کے خلاف نظرثانی کی درخواست مسترد کر دی۔ درخواست میں مئوقف اختیار کیا گیا تھا کہ پانچ رکنی بنچ نے نوازشریف کو تاحیات نااہل قرار دینے کی درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دیا تھا۔ قانون کے مطابق کسی بھی فیصلے کو پہلے تحریر کیا جاتا ہے اس کے بعد اس کو جاری کیا جاتا ہے جبکہ مذکورہ کیس میں عدالت میں پہلے فیصلہ سنایا اور اس کے بعد ابھی تک اسے تحریر نہیں کیا گیا۔ درخواست گزار کے مطابق انہوں نے بنچ کے ارکان دو جج صاحبان پر اعتراض اٹھایا تھا کہ وہ کیس کی سماعت نہ کریں مگر ان کے اعتراضات کو نظرانداز کر دیا گیا لہٰذا عدالت پانچ رکنی بنچ کی جانب سے فیصلہ جاری کرنے کے طریقہ کار پر نظرثانی کرے۔ ہائی کورٹ نے درخواست پر اعتراض عائد کیا تھا کہ فیصلہ پانچ رکنی بنچ کا ہے اس کے خلاف درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی جا سکتی ہے۔ عدالت نے ہائیکورٹ آفس کا اعتراض برقرار رکھتے ہوئے درخواست مسترد کر دی۔ علاوہ ازیں نوازشریف کے بیرونی دورے محدود کرنے اور ان پر اخراجات کے خلاف دائر درخواست کی سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کر دی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن