خیبر پی کے بلدیاتی الیکشن میں دھاندلی اور 23 افراد کے ناحق قتل کے ذمہ دار عمران خان اور پرویز خٹک ہیں: رانا ثناء اللہ
لاہور (خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ خیبر پی کے بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی اور 23 افراد کا ناحق قتل پاکستان کی انتخابی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہیں، اسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ کیا عمران خان نے خیبر پی کے میں ایسے دھاندلی زدہ اور خون خرابہ پر مبنی انتخابات کا وعدہ کیا تھا؟ دھاندلی اور 23 افراد کے قتل کی ذمہ داری عمران اور پرویز خٹک پر عائد ہوتی ہے۔ اے این پی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین جیسے سینئر سیاستدان کیخلاف جھوٹی ایف آئی آر بھی انہی دونوں کے کہنے پر درج ہوئی۔ میاں افتخار حسین کے گھر کا گھیرائو کرنیوالے لوگ پی ٹی آئی کے کارکن تھے جو انہیں مارنا اور انکا گھر جلانا چاہتے ہیں۔