لاہور: دوہرے قتل کے مجرم کو پھانسی دیدی گئی، 2 کو آج ہوگی
لاہور + میانوالی ( سٹاف رپورٹر+وقائع نگار + نامہ نگار) لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں دوہرے قتل کے مجرم کو پھانسی دے دی گئی۔ جاوید عرف جیدا نے 19ستمبر 1987ء کو شمالی چھاونی کے علاقے کینٹ کچہری میں 2افراد قاسم اور صدیق کو قتل کردیا تھا۔ علاوہ ازیں لاہور کی سیشن عدالت نے سزائے موت کے 2 مجرمان کے ڈیتھ وارنٹ جاری کر دئیے۔ ایک مجرم کو آج جبکہ دوسرے کو 9 جون کو کوٹ لکھپت جیل میں تختہ دار پر لٹکایا جائے گا۔ لاہور کے سیشن جج طارق جاوید نے سپرینٹنڈنٹ کوٹ لکھپت کی درخواست پر دو مجرموں شمس الحق اور نواز کے ڈیتھ وارنٹ جاری کئے ہیں۔ دونوں مجرموں کی اعلٰی عدلیہ سے اپیلیں مسترد ہو چکی ہیں جبکہ صدر مملکت نے بھی دونوں مجرموں کی رحم کی اپیلیں مسترد کر دی ہیں۔دونوں کو ذاتی دشمنی پر دو افراد کو قتل کرنے کے الزامات ثابت ہونے پر سزائے موت سنائی گئی تھیں۔ ادھر میانوالی میں دوہرے قتل کے مجرم فتح محمد کو آج سنٹرل جیل میں پھانسی دی جائے گی۔ فتح محمد نے 1999ء میں رشتہ کے تنازع پر قریبی رشتہ دار لعل خان اور خاتون جٹی کو قتل کردیا تھا۔