• news

پاکستان سے شراکت گہرے اور پھلتے پھولتے تعلقات کے بارے میں ہے: امریکی نائب وزیر

اسلام آباد (آن لائن) امریکہ کے انڈر سیکرٹری برائے امور عامہ و عوامی سفارتکاری رچرڈ سٹینگل اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے وزارت منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات، اسلام آباد میں امریکہ۔ پاکستان سٹرٹیجک مذاکرات کے تحت تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی کے پاکستان امریکہ ورکنگ گروپ کے اجلاس کا افتتاح کیا۔ پاکستان میں متعین امریکی سفیر رچرڈ اولسن اور دیگر سینئر امریکی حکام نے دوطرفہ بات چیت میں شرکت کی جن میں اعلیٰ تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون، شراکت اور تبادلوں کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ امریکہ کے نائب وزیر برائے امور عامہ و عوامی سفارتکاری رچرڈ سٹینگل نے افتتاحی کلمات میں کہا کہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ ہمارے تعلقات صرف ان خطرات کے بارے میں نہیں جو ہمیں درپیش ہیں بلکہ ہماری شراکت پاکستان کے عوام کیساتھ گہرے، پھلتے پھولتے اورپائیدار تعلقات استوار کرنے کے بارے میں ہے۔ کل کا پاکستان لازمی طور پر محفوظ تر اور انتہاپسندی سے آزادمعاشرے، اپنے لوگوں کا خیال کرنیوالی مضبوط جمہوریت، ملازمتیں، تجارتی مواقع مہیا کرنے والی فروغ پاتی معیشت اور تمام لوگوں کیلئے بڑھتے ہوئے تعلیمی مواقع پر مبنی ہونا چاہئے۔تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی کا یہ مشترکہ ورکنگ گروپ امریکہ۔ پاکستان سٹرٹیجک مذاکرات کے تحت چھٹا اور تازہ ترین ورکنگ گروپ ہے۔ افتتاحی اجلاس میں امریکہ کے انڈر سیکرٹری رچرڈ سٹینگل نے دوطرفہ تعلقات کیلئے کلیدی حیثیت کے حامل شعبوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ فریقین نے امریکی اور پاکستانی جامعات کے درمیان جاری شراکتی تعلقات کو دیرپا بنانے اور انکے ثمرات پورے پاکستان تک پہنچانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ورکنگ گروپ نے فکری املاک کے حقوق کو مضبوط بنانے اور سرکاری اور نجی شعبے کی شراکتوں کو فروغ دینے سمیت جدت واختراع ، تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے اعلیٰ تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی کو نجی شعبے کیساتھ مربوط کرنے سے متعلق حکمت عملی بھی وضع کی۔

ای پیپر-دی نیشن